اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ماضی میں وفاق اور صوبوں میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہونے کے باوجود باہمی کشیدگی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وفاق کی کسی اکائی نے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں وفاق پر لشکر کشی کی ہو، 2016 سے اب تک مسلسل خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے۔ اتوار کو سینیٹر عرفان صدیقی نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ افسوس ناک رسم پی ٹی آئی نے ڈالی جب 2016 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اسلام آباد پر پہلا حملہ کیا۔ 2022 میں عمران خان وزیر اعلیٰ محمود خان اور حکومتی وسائل کے ساتھ حملہ آور ہوئے اوراب وزیر اعلی گنڈاپور نے وفاق پر لشکر کشی کو معمول بنا لیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا دنیا کے کسی بھی ملک میں کوئی سیاسی جماعت ایسا کرتی ہے؟اورکیا ایسا کرنے والے کسی لشکر کو سیاسی جماعت کہا جا سکتا ہے؟۔