نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ادویات کی خریداری کا شفاف طریقہ کار وضع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ادویات کو سٹور کرنے اور ہسپتالوں تک پہنچانے کیلئے فول پروف اور برق رفتار نظام وضع کیا جائے گا۔عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کا اولین فرض ہے لیکن صحت کا معاملہ زیادہ حساس ہوتا ہے کیونکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے صحت کا ہونا ضروری ہے۔ ملک اورمعاشرے کی ترقی کے لئے عوام کا صحت مند ہونا بنیادی شرط ہے کیونکہ ایک صحت مند انسان ہی ذاتی اور معاشرتی ذمہ داریوں کو پورا کرکے ملکی ترقی میں حصہ لے سکتا ہے ۔ تندرست بچے ہی تعلیمی اداروں میں اچھی قابلیت کا مظاہرہ کرسکتے ہیں اور صحت مند مائیں ہی اپنے بچوں کی دیکھ بھال اچھے انداز میں کرنے کے قابل ہوسکتی ہیں۔غرض اگر یہ کہا جائے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ اس بنیادی ضرورت کو نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے جس ویژن کے ساتھ سمجھا ہے وہ انہی کا طرہ امتیاز ہے – صحت کے شعبہ کی جدید خطوط پر ترقی اور عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلی کاPassionبن چکا ہے اور وہ دن رات اپنے مشن کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں ۔ اس سلسلے میں آئے روز ہسپتالوں کے دورے کئے جا رہے ہیں۔ مریضوں کو ادویات سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محسن نقوی نے پنجاب کی نگراں وزات اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے ساتھ شعبہ صحت کو بھی ہنگامی بنیادوں پر متحرک کرنے اور شہروں سے دیہات تک، ترقی یافتہ مراکز سے وسیب سمیت پنجاب کے دور دراز کے علاقوں تک عوام کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچانے کا چیلنج قبول کیا۔ علاج معالجہ کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت پنجاب نے عام آدمی کی تکالیف اور پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے علاج معالجہ کی جدید اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع اور انقلابی قدم ا±ٹھایا۔ محسن نقوی کی زیر صدار ت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 7 ویں اجلاس میں دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کو خصوصی پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ وفات پانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو 10 روز میں امدادی رقوم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں فیصل آباد کے علاقے نشاط آباد اوورہیڈ برج سے گٹ والا روڈ کی تعمیر و مرمت اور کشادہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور اور فیصل آباد کی واٹر سینی ٹیشن ایجنسی میں بہتری کیلئے فرانسیسی ایجنسی فار ڈویلپمنٹ سے معاونت لی جائے گی۔ اجلاس میں مری میں سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے جدید مشینری خریدنے کا فیصلہ کیا گیا اور سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں لاہور کے تاریخی دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے پروگرام کی منظوری دی گئی۔ جبکہ لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے مزار کی تزئین وآرائش کیلئے فنڈز کے اجراءاور پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پرائم منسٹر نیشنل پروگرام کے تحت پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن ”فلڈ پروٹیکشن سیکٹر پراجیکٹ تھری“ کو سالانہ ترقیاتی پروگرا م 2023-24 میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ جبکہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت چکوال اور دیگر مقامات پر سمال ڈیمز کیلئے فنڈز کے ازسرنو اجراءکی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے لئے بہت بڑا سانحہ ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پہلا دورہ سانحہ جڑانوالہ کی مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کیا ہے اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا پورا فوکس سانحہ جڑانوالہ میں ملوث شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں ہے۔ پولیس نے سانحہ جڑانوالہ کے مرکزی ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو ویڈیوز کی مدد سے ٹریس کیا جارہا ہے۔ نذر آتش کئے گئے گرجا گھروں کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں پہلے سے بہتر حالت میں بحال کریں گے جبکہ 2گرجا گھروں کو بحال کردیا گیا ہے۔ جو بھی خاندان متاثر ہوا ہے انہیں امدادی رقوم کا چیک ضرور ملے گا۔ کسی ایک بھی متاثرہ گھر کی مالی امداد نہیں رکے گی۔ ایسا نہیں ہوگا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بس آئیں اور چلے جائیں، ہم آخری متاثرہ خاندان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ہمیں بار بار بھی آنا پڑا توجڑانوالہ آئیں گے ۔ محسن نقوی نے پنجاب حکومت کی مکمل سپورٹ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو ہر حالت میں انصاف دلانا ہے ۔ مسیحی برادری کو انصاف دلانے کےلئے ہماری پوری کوشش ہے اور جلد آپ لوگ یہ انصاف دیکھیں گے۔