اداریہ کالم

ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن

idaria

پاکستان میں معاشی استحکام کی خبر آتے ہی اور آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی دیکھنے میں آئی اور وہ انڈکس جو مسلسل نیچے جارہا تھا اب بہتری کی جانب گامزن ہے اور گزشتہ دو دنوں سے مارکیٹ میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ادارہ شماریات نے ایک رپورٹ بھی جاری کی جس کے مطابق پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے پاکستان میں جاری مہنگائی کی لہر میں کمی آئی اور مہنگائی کا گراف پہلے سے نو گنا کم ہوا ہے ، اسی حوالے سے گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلی بار کاروبار کے آغاز پر تاریخ رقم ہوگئی۔آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبارکے پہلے دن زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا۔کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور انڈیکس 2068 پوائنٹس اضافے سے 43521 تک جا پہنچا۔ایک گھنٹے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس 5.62 فیصد اضافے سے 43783 پر چلا گیا۔عید چھٹیوں سے قبل ہوئے آخری کاروباری سیشن میں 100 انڈیکس 41 ہزار 452 پر بند ہوا تھا۔عید کے بعدپہلے کاروباری دن میں 100 انڈیکس ایک دن میں 2446 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے کے بعد 43 ہزار 899 پر بند ہوا ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 38 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 8 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد رہی۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 318 ارب روپے بڑھ کر کاروبار کے اختتام پر 6 ہزار 687 ارب روپے ہے۔آئی ایم ایف سے معاہدے کے اثرات امریکی ڈالر کی قدر پر بھی اثر انداز ہوئے، اوپن مارکیٹ میں پیر کو عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد کاروبار کے آغاز میں ڈالر 5 روپے سستا ہو کر285 روپے کا ہو گیا ہے،ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کم ہوگئی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بے پناہ کاوشوں کے بعد معاہدہ طے ہوا، نو ماہ میں پاکستان کو تین ارب ڈالر ملیں گے، پہلی قسط جولائی میں ملے گی جو 1.1 ارب ڈالر کی ہوگی، معاہدہ ہونے سے کئی ماہ قبل سے چین نے پانچ ارب ڈالر قرض رول اوور کر کے ہماری مدد کی، ہم نے حالیہ کمرشل لون وقت سے قبل ادا کیے، کمرشل بینکوں کے جو قرضے رول اوور ہوئے تو یہ بڑی کامیابی ہے، ماضی میں بھی چین نے ہماری مدد کی اور آج بھی کی، اگر تین ماہ میں ہمیں چین سے یہ پانچ ارب ڈالر نہ ملتے تو معاملہ کچھ اور ہوتا، میں یہ الفاظ زبان پر نہیں لانا چاہتا، سعودی عرب سے دو ارب ڈالر لانے میں آرمی چیف نے کلیدی کردار ادا کیا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستان معاشی اعتبار سے درست سمت کی جانب چل پڑے گا، ہمیں ملک کے بہترین مستقبل کے لیے طویل المدتی منصوبے بنانا ہوں گے، تجربے کی بنیادپرکہتاہوں ، تمام ادارے 15 سے 20 سال تک اپنی حد میں رہتے ہوئے کام کریں تو کامیابیاں پاکستان کے قدم چومیں گی، آئی ایم ایف معاہدہ ہمارے لیے لمحہ فخریہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے، ایک ہی راستہ ہے کہ دن رات ایک کردیں، قربانی اور ایثار کا راستہ ہے ،عام آدمی کو نہیں اشرافیہ کوقربانی دیناپڑےگی، اس راستے کواپنالیں گے توترقی اورخوشحالی قدم چومے گی، سویڈن میں ایک قبیح واقعہ پیش آیا ہے اور قرآن کریم کی ایک بار پھر بے حرمتی کی گئی جس پر پوری ملت اسلامیہ، حکومت پاکستان اور پوری قوم اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ یہ پہلا واقعہ نہیں پہلے بھی ایسے دل خراش واقعات پیش آچکے ہیں، اس واقعے سے سامنے آیا ہے کہ سویڈن میں مسلمان اقلیت کے خلاف نفرت کا بیانیہ بنایا گیا ہے، پاکستانی حکومت اس کی نہ صرف مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ سوئس حکومت اس بیانیے کا نوٹس لے۔ اس معاملے پر او آئی سی نے ہنگامی اجلاس بلایا اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور آئندہ کے لیے ایسے واقعات کی رو ک تھام کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا، ہم اس اجلاس اور فیصلے کی تائید کرتے ہیں
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور ایس کے نیازی کی سچی بات
ایس کے نیازی ملک کے معروف تجزیہ کار اور صاحب کتاب صحافی ہیں جن کی ساری صحافت اسلام ، نظریہ پاکستان اور استحکام پاکستان کی گر د گھومتی ہے ، ان کی لکھی گئی تحریروں پر نہ صرف عدالتوں نے سوموٹو ایکشن لیا اور عوام کو انصاف فراہم کیا بلکہ ان کی تجاویز اور سفارشات پر مختلف حکومتوں نے عملدرآمد بھی کیا جن میں افواج پاکستان کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ ایک تاریخی فیصلہ ہے اور ایس کے نیازی نے ملک میں پہلی بار مقالہ خصوصی لکھ کر پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تھی کہ افواج پاکستان کے تنخواہوں میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے ، اسی طرح سویڈن میں اللہ کی آخری قرآن حکیم کی بے حرمتی کے حوالے سے انہوں نے روز ٹی وی کے مقبول ترین پروگرام سچی بات میں نہایت فکر انگیز گفتگو کی اور اپنے دلی جذبات کا کھل کا اظہار خیال کی ، ان کی یہ خوبی ہے کہ وہ لگی لپٹی رکھے بغیر سچی بات ہمیشہ منہ پر کہہ دیتے ہیں ، گزشتہ روز کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ سویڈن اور ان جیسے واقعات سے ہمارے دل بہت دکھی ہیں ، ہم ایسے واقعات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں ،ایسے واقعات رونما کرنے والوں پر خدا کا عذاب نازل ہو،ایسے واقعات کے خلاف امت مسلمہ کو بھرپورآواز اٹھانا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کیخلاف ہمیں مسلسل محنت کرنا چاہیے ، ڈالر کی قیمت اور سونے کی قیمت گرنا خوش آئند ہے ، پاکستان میں مشکلات کی حد ختم ہوگئی ، پروگرام میں ملک کے موجودہ معاشی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ، شریک پروگرام ماہر معاشیات عقیل کریم ڈیڈھی نے آئی ایم ایف معاہدہ صرف 9مہینے کا ہے ، لیوی بڑھانے اور سبسڈی نہ دینے سے حالات بہتر ہونگے ، ہم سمجھ رہے کہ اب حالات بہتری کی جانب جارہے ہیں ، ہم نے جتنی مشکلات دیکھی ہیں اب آسانیاں پیدا ہونگی ، مہنگائی کا تناسب کم ہوا تو کاروبار بھی تیزی سے ترقی کریگا، آنے والے دنوں میں ڈالر سستا اور روپیہ مستحکم ہوگا،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں اب کوئی مشکل نہیں ہوگی ، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پہلے ہی پوری کردی ہیں ، موڈیز کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام سے بہت سپورٹ ملے گی ،سٹاک مارکیٹ میں تیزی پر کسی کو امید ہی نہیں تھی ، نئی حکومت جب آئی ایم ایف کی طرف جائیگی تو کوئی سخت فیصلے نہیں کرنے پڑینگے، امید نہیں کہ اب ڈالر خریدنے والے کو کوئی فائدہ ہوگا، انہوں نے مزید کہا ہے کہ روپیہ مستحکم ہوگا تو سونے کی قیمت خود بخود نیچے آجائیگی ، ملک کی معیشت ٹھیک ہورہی صرف سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ، بھارت میں کروڑوں لوگ بھوک میں سوتے ہیں اور وہ بڑی باتیں کرتے ہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں سب ملکر محنت کررہے ہیں ، لوگوں کوکاروبار ، روزگار ملنے کی سخت ضرورت ہے ون ونڈو کی جو باتیں ہورہی ہیں اللہ تعالی اس کو کامیاب کرے ، ہمارے پاس پے پناہ وسائل ہیں ، محنت کرنیکی ضرورت ہے
فلسطین میں اسرائیلی بربریت کا ایک اور واقعہ
اسرائیل دنیا کے نقشے پر ایک ناپاک وجود کی حیثیت رکھتا ہے جو مسلم دشمنی میں بربریت کی آخری حدو ں کو کراس کرگیا ہے اور فلسطینیوں کے قتل عام کو اس نے جائز قرار دے رکھا ہے ، گزشتہ کئی روز سے وہ ایک بار پھر مسلمان علاقوں میں نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے 9شہری شہید ہوچکے ہیں مگر اس ظالم کے ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں نہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ اس جانب ہوئی ہے ، فلسطینی وزرات صحت کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے جینن شہر میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 9فلسطینی شہری جاں بحق اور 50زخمی ہوگئے۔او آئی سی نے کہا کہ یہ گھناو¿نا جرم ان جرائم اور منظم ریاستی دہشت گردی کی توسیع ہے جو اسرائیلی قبضے کے ذریعے فلسطینی عوام کے خلاف روا رکھا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے