پاکستان

نئے گورنر سندھ کامران ٹسوری کون ہیں؟

نئے گورنر سندھ کامران ٹسوری کون ہیں؟

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی و کاروباری شخصیت کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ بنا دیا گیا ہے پر بے شمار لوگوں کے ذہنوں میں سوال ہے کہ یہ شخصیت کون ہیں ؟۔
تفصیلات کے مطابق کامران ٹیسوری کے قرابت داروں سے معلوم ہوا ہے کہ نئے گورنر سندھ 5 مئی 1974ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پاکستان کی معروف کاروباری فیملی سے ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری 12 سال سے سیاست سے منسلک ہیں، جس سے قبل وہ کراچی میں معروف گولڈ سمتھ کی حیثیت سے جانے جاتے تھے اور شعبۂ تعمیرات کے کاروبار سے بھی منسلک تھے۔
کامران ٹیسوری نےمشرف دور میں سیاست میں شمولیت اختیار کی اور اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ ارباب غلام رحیم کے قریب ترین رہے ۔
اس سے قبل کامران ٹیسوری ابتداء میں مسلم لیگ فنکشنل کا بھی حصہ رہے تاہم اختلافات کی وجہ سے وہ اس سے منسلک نہ رہ سکے۔
اس دوران کامران ٹیسوری متعدد بار ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے کی کوششیں کرتے رہے، 2017ء میں ڈاکٹر فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سربراہی ملی تو انہوں نے کامران ٹیسوری کو پارٹی میں اہمیت دی کس کے باعث شدید مخالفت کا سامنا رہا ، صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ بھی دیا لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی، بعد میں ان کو ڈپٹی کنوینر بنا دیا گیا اور ڈاکٹر فاروق ستار نے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ دینے کے لیے سفارش بھی کی۔
اس معاملے پر پارٹی سینئر قیادت کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث انہوں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی، ایسے میں 2022ء میں اگست اور ستمبر میں جب ڈاکٹر فاروق ستار کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپس شمولیت کا معاملہ چلنے لگا ایسے میں پارٹی میں فاروق ستار تو واپس نہ آسکے لیکن کامران ٹیسوری کی واپسی ہو گئی۔
تاہم ایم کیو ایم کا موقف بھی سامنے آگیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی دعاگو ہے کہ کامران ٹیسوری بحثیت گورنر سندھ وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی قائم رکھنے کا کردار بخوبی اداکریں گے۔
ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ کامران ٹیسوری شہری سندھ کی محرومیوں کا ازالہ کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ایم کیوایم پاکستان کامران ٹیسوری کےگورنر سندھ بننے پرنیک خواہشات کا اظہار کرنے والے تمام افرادکی شکرگزار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے