افریقی ملک نائیجیریا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، 500 افراد ہلاک اور 1500 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی نشریاتی اطلاعات کے مطابق نائیجیریا کی 36 میں سے 27 ریاستوں میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، متاثرہ ریاستوں کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور 8 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق سیلاب سے اب تک 45 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ 90 ہزار گھر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، جس کے باعث 14 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے، کئی ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، جبکہ 90 فیصد متاثرہ علاقوں میں بجلی تاحال معطل ہے۔
سیلاب سے متاثرہ 27 ریاستوں میں حد نگاہ تک پانی ہی پانی ہے، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں امدادی سامان، غذا اور ایندھن کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، امدادی سرگرمیاں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے انجام دی جا رہی ہیں، تاہم ان کی تعداد نہایت کم ہے۔