امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام کمیونٹیز کے درمیان یکساں احترام کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ نٹالی بیکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے مذہبی و ثقافتی تنوع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام و پرامن بقائے باہمی کے عزم کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر برداشت، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی جیسے اعلیٰ اقدار کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کو اپنی پالیسی کا اہم حصہ سمجھتا ہے۔ امریکی سفارتخانے نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ نٹالی بیکر اور کھیل داس کوہستانی کے درمیان ملاقات میں مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے نہایت مفید تبادلہ خیال ہوا اور دونوں ممالک اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ مل کر ان اقدار کو مزید تقویت دی جائے گی۔