پاکستان

پاکستان کا چین میں پہلے پانڈا بانڈ کے لیے نان ڈیل روڈ شو کا آغاز

پاکستان کا چین میں پہلے پانڈا بانڈ کے لیے نان ڈیل روڈ شو کا آغاز

بیجنگ – وزارت خزانہ، حکومتِ پاکستان نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 7 جولائی سے 11 جولائی 2025 تک ایک اہم نان-ڈیل انویسٹر روڈ شو (NDR) کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجراء سے قبل ممکنہ سرمایہ کاروں سے روابط اور تیاری ہے۔
اس روڈ شو کے دوران وزارتِ خزانہ کے وفد نے متعدد تکنیکی ملاقاتیں کیں جن میں ممکنہ سرمایہ کار، انڈر رائٹرز، ممکنہ ضامن ادارے، چینی ریٹنگ ایجنسی، اور قانونی مشیر شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی مجموعی معاشی صورتحال، مستقبل کے اقتصادی امکانات، قرضہ جات کے انتظام میں جاری اصلاحات، اور پانڈا بانڈ کے مجوزہ ڈھانچے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاسوں میں چینی ریگولیٹری تقاضے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے کریڈٹ گارنٹی انتظامات، اور بانڈ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی گفت و شنید کی گئی۔ ابتدائی ردِعمل انتہائی مثبت رہا، جو اس بات کی علامت ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی حلقے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ دورہ حکومتِ پاکستان کی مالیاتی سفارت کاری، سرمایہ کاروں سے فعال روابط، اور مالی وسائل کے تنوع کے لیے چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی کی حکمتِ عملی کا واضح مظہر ہے۔ توقع ہے کہ پاکستان کا پہلا پانڈا بانڈ تمام ضروری دستاویزات اور بین الاقوامی شراکت داروں کی کریڈٹ گارنٹی کے بعد رواں سال لانچ کر دیا جائے گا۔
یہ اقدام پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو نہ صرف چین کی وسیع اور متنوع بانڈ مارکیٹ تک رسائی کا دروازہ کھولے گا بلکہ مقامی کرنسی میں مالی وسائل کے حصول، سرمایہ کاروں کی بنیاد کو وسعت دینے اور عالمی مالیاتی منڈی میں ملک کی ساکھ کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔
نان-ڈیل روڈ شو کی کامیابی حکومت کی جدت پر مبنی مالیاتی پالیسیوں اور اعتماد سے بھرپور نئی مالیاتی راہوں میں داخل ہونے کی تیاری کا ثبوت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے