پاکستان

پاکستان کیلئے Covid-19سے متعلقہ بیماریوں کیخلاف کوششوں میں امریکی معاونت جاری ہے

qadir pattale

اسلام آباد: امریکی حکومت نے آج پاکستان کی وزارت قومی صحت کو امریکی ادارہ برائے بین الاقو امی ترقی (یو ایس ایڈ) کے توسط سے طبی آکسیجن سے متعلقہ ۷۵ لاکھ ڈالر مالیت کا سازو سامان فراہم کیا۔ اِس معاونت کے تحت مُلک بھر کے 361 ہسپتالوں کے عملہ کو شدید کورونا اور پھیپھڑوں کے دیگر امراض کا شکار افراد کی بہتر نگہداشت کی صلاحیتوں میں اضافے کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔امریکہ کی جانب سے یہ امداد یہاں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کے حوالیکی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالقاد رپٹیل نے Covid-19وباء اور خُصوصی طور پر حالیہ سیلاب کے دوران مسلسل تعاون کی فراہمی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوششیں پاکستان اور امریکہ کے درمیان قائم مضبوط باہمی تعلقات کی عکاس ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے آج اس سامان کی فراہمی صرف کورونا وباء تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان میں حفظانِ صحت کے شعبہ میں طویل المیعاد سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا آغاز کورونا وبا کے پُھوٹنے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا جو وباء کے تمام تر عرصہ کے دوران جاری رہا اور بعدازاں حالیہ سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کے علاج و معالجہ میں معاونت کی صورت میں ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے اس تعاون کو پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبہ میں امریکی اشتراک کی تاریخ کی ایک نمایاں مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ روزِ اوّل ہی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور کورونا جیسی عالمی وبا یا حالیہ سیلاب جیسی آفتوں سے نمٹنے، بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں پاکستان کی معاونت کی ہر ممکنہ راہ تلاش کرے گا۔واضح رہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے اس حالیہ امداد میں آکسیجن کے استعمال سے متعلق ہزاروں کی تعداد میں وہ تمام ضروری ساز و سامان شامل ہے جس کی درخواست وزارتِ صحت نے کی تھی۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت ویب سے وابستہ ایک ایسا اطلاعاتی سرشتہ بھی وضع کر رہی ہے جس کی مدد سے مریضوں کے جسم میں آکسیجن کی تازہ ترین مقدار کی بروقت نگرانی کی سہولت میسر ہوگی۔ اس کے علاوہ پاکستان میں طبی مقاصد کے لیے آکسیجن کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی اور سرکاری ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں کام کرنے والے عملہ کو دی جانے والی تربیت اُن کو آکسیجن آلات کے مؤثر استعمال کے قابل بنائے گی۔یاد رہے کہ امریکی حکومت نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی سات کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ خوراکیں فراہم کی ہیں جن میں سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ خوراکیں بچوں کے لیے تھیں۔ اس کے علاوہ کووڈ کی فوری تشخیص کی دس لاکھ کِٹس، ضروری سازو سامان کی فراہمی اور صحت کارکنوں کو تربیت شامل ہے۔ مذکورہ کوششوں کے لیے اعانت، امریکہ کی جانب سے Covid-19کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی مدد کے لیے فراہم کردہ آٹھ کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کی امداد کا حصہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے