نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پربیسک ایلیٹ کمبیٹ کورس 24 کی پاسنگ آو¿ٹ پریڈ کے انعقاد کے موقع پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل آپ جیسے جوانوںکا ہے،محنت سے فرائض سرانجام دیں اور بہادری کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کریں۔نگران پنجاب حکومت نے 4 ماہ میں پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت پولیس سے متعلقہ دیگر ایشوز بھی ترجیحی بنیادوںپر حل کرے گی۔ ایلیٹ پولیس فورس کیلئے الاو¿نس 10 ہزار روپے کے اضافے کی منظوری دی جائے گی۔ سپیشل برانچ کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا۔ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں انسٹرکٹرز اور ٹرینرز کی کمی کو دور کیا جائے گا اور اس ضمن میں الیکشن کمیشن سے اجازت لے کر مزید اقدامات کریں گے۔ایلیٹ پولیس فورس کیلئے نائٹ آپریشن کیلئے آلات اور دیگر ساز و سامان خریدیں گے۔ ایلیٹ پولیس فورس کی تربیت کیلئے بیسک کورس کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو ایڈوانس کورس بھی کرائے جائیں گے۔ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں سوئمنگ پول کو جلد فنکشنل کر دیا جائے گا۔راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ تینوں شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس تقریباً 100 ارب روپے میں بننے تھے لیکن ہم یہ پراجیکٹس 5 ارب روپے میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ 39 خواتین اور 542 مرد پولیس اہلکاروں نے بیسک ایلیٹ کمبیٹ کورس 24 کامیابی سے مکمل کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مارشل آرٹس، فائرنگ تکنیکس، انسداد دہشت گردی کے آپریشن اور دیگر مہارتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا اور پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ جرت اور بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں۔ حال ہی میں مسلح جتھوں نے شرپسندی کی، پولیس نے بڑے تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس کی ویلفیئر کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔ صوبے میں جرائم کے روک تھام کےلئے پنجاب حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں۔پولیس کی نفری میں اضافہ، خالی اسامیوں پر نئی بھرتی اور پولیس و ٹریفک وارڈنز و ہائی وے پٹرولنگ پولیس کےلئے خصوصی الاو¿نس کا بھی وعدہ کیا ہے۔شہروں میںپولیس پٹرولنگ نہ ہونے کے باعث جرائم میں اضافہ ہوا لہذاپنجاب حکومت نے پولیس کے لئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کے لئے فنڈز بھی مختص کئے ہیں۔ سابقہ دور میں پولیس کی ویلفیئر کا کوئی کام نہیں ہوا۔یہ بات درست ہے کہ آج اگر پولیس کے پاس گاڑیاں خراب ہیں تو سارا قصورسابقہ حکومت کا ہے۔نئی آپریشنل گاڑیوں سے پٹرولنگ باقاعدہ ہوگی اور جرائم میں کمی آئے گی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیاگیا۔ شرپسندوں کیخلاف پراسیکیوشن کے عمل پر پیش رفت کابھی غور کیا گیا۔ بتایا گیا کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث مزید 1163 شرپسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا ہے اور سائنٹیفک انداز سے 1163 شرپسندوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاکرمفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آخری شرپسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے۔ کسی شرپسند سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔شرپسندوں اورانہیں اکسانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر ٹیچنگ ہسپتالوں میں حفظان صحت کے معیاراور بیماریوں کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔پنجاب کابینہ نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ویسٹ کو سائنسی بنیادوں پر تلف کرنے کیلئے پی کے ایل آئی کو ذمہ داری سونپنے کی اصولی منظوری دیدی ہے اور پی کے ایل آئی انتظامیہ کو دیگر ہسپتالوں کا ویسٹ تلف کرنے اور استعدادکار میں اضافے کا پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں تقریباً 50 بنیادی ٹیسٹوں کے علاوہ دیگر ٹیسٹو ں کو پی کے ایل آئی کی لیبز سے کرانے کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی کے ایل آئی انتظامیہ محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں مربوط اورموثر نظام وضع کرے۔ پی کے ایل آئی انتظامیہ نرسوں کی معیاری تعلیم وتربیت کیلئے نرسنگ سکول جلد ازجلد فعال کرے۔ دیگر ہسپتالوں کا ویسٹ تلف کرنے کیلئے پی کے ایل آئی میں ضروری مشینری اور افرادی قوت کا انتظام کیا جائے گا۔