اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی درخواستوں کی سماعت کی جس میں کراچی اور حیدرآباد کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی سمیت دیگر کا موقف سنا گیا، آئی جی سندھ کا موقف بھی لیا گیا اور 15 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا جو کہ آج سنادیا گیا۔ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد ہونے پر سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنیکی درخواست دی تھی جسے الیکشن کمیشن نے تسلیم نہیں کیا۔الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی جانب سے پولیس نفری نہ ہونے اور سیلابی صورتحال کے جواز کو مسترد کرتے ہوئے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے فیصلے میں انتظامی اور سیکیورٹی اداروں کو اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جنوری کو ان دونوں ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات کا ہرممکن انعقاد یقینی بنایا جائے۔ سندھ حکومت نے سیلاب کو بنیاد بناکر ان شہروں میں انتخابات دو سے تین بار ملتوی کرانے کی درخواستیں دیں جو منظور ہوتی رہیں تاہم اس بار الیکشن کمیشن نے درخواستیں مسترد کردیں۔
پاکستان
کراچی: بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہونگے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا
- by Daily Pakistan
- نومبر 22, 2022
- 0 Comments
- Less than a minute
- 805 Views
- 2 سال ago