اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی قوم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دوبارہ ٹیک آف کرے گا، گھبرانے کی ضرورت نہیں، بجٹ کی بہتری کیلیے سفارشات کو کھلے دل سے سنیں گے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں آئی کیپ کے زیر اہتمام پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خامیوں کو دور کرنے کیلیے 2کمیٹیاں تشکیل دیں گے جو بھی نئی حکومت آئے گی وہ فنانس بل میں ترمیم کر سکتی ہے، اگست تک ہمارے پاس وقت ہے اور الیکشن وقت پر ہوں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ تمام اقتصادی جائزے کا وقت گزر چکا ہے، 9 واں اقتصادی جائزہ نومبر اور 11 واں اقتصادی جائزہ مئی میں ہونا تھا، آئی ایم ایف کی تمام تر پیشگی شرائط پر عملدرآمد کر لیا ہے، نواں ریو ہو جانا چاہیے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ لوگ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کر رہے تھے، ہم نے معیشت کی بہتری کیلئے مشکل اور غیر مقبول فیصلے کیے ہیں، پاکستان کی ترقی کیلئے ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا جب صبح و شام ڈیفالٹ کی باتیں ہوں گی تو سرمایہ کار کو کیسے مطمئن کریں گے، تنقید کرنا بہت آسان ہے ہم سب کو ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا، ترقی کیلئے شرح نمو کو بڑھانا ہے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور ایٹمی اور میزائل پاور ہمیں اپنے مسائل خود حل کرنا ہوں گے، نیا بجٹ معاشی ترقی کے اقدامات کی ترجیحات پر مبنی ہے، بلوم برگ کے مطابق 2014 میں پاکستان کی کرنسی سب سے زیادہ مستحکم تھی، ڈسپلن کے بغیر نہیں چلے گا، پانچ سال پہلے میری بات مانی ہوتی تو یہاں نہ کھڑے ہوتے، پاکستان کے 100 ارب ڈالر کے قرضے ہیں، گیس پائپ لائن سمیت پاکستان کے پاس قیمتی اثاثے ہیں۔
پاکستان
گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان دوبارہ ٹیک آف کریگا، اسحاق ڈار
- by Daily Pakistan
- جون 13, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 220 Views
- 2 سال ago