کالم

یہ وطن تمہارا ہے تم ہوپاسباں اِس کے !

پاکستان۔خطہ فردوس بریں۔ نورکامسکن ۔ امن کا آشیاں۔یہ پیاراوطن جس کیلئے لاکھوں شہداءنے قربانیاں دِیں۔کئی ماﺅں کے لخت جگراِس وطن کیلئے قربان ہوگئے ۔کئی بچے اِس پاکستان کیلئے یتیم ہوئے ۔کئی مائیں اپنے پیاروں کی راہیں تکتیں دُنیاسے رُخصت ہوگئیں لیکن پھر بھی اِن سب کی زباں پر ایک ہی نعرہ تھا۔”لے کے رہیں گے پاکستان ۔بن کر رہے گاپاکستان۔تیراپاکستان ہے یہ میرا پاکستان،پاکستان کا مطلب کیالاالہ الاللہ۔“ تاریخ کے اوراق اُٹھا کردیکھیں بانیان پاکستان نے اپنا سب کچھ اِس ملک کیلئے قربان کردیا۔بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور اِن کے رفقاءنے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔اقبالؒ کیا خوب کہہ گئے کہ
کھول آنکھ ،زمیں دیکھ،فلک دیکھ،فضادیکھ
مشرق سے نکلتے ہوئے سورج کو ذرادیکھ
بزرگوں کے مطابق جب پاکستان بناتو انصارمدینہ کی یادتازہ ہوگئی جب ہجرت کرکے قافلے پاکستان کے شہروں میں پہنچے تومقامی لوگوں نے اپنے گھراِن کے لئے کھول دیے جہاں ہجرت کرکے آنیوالوں میں کئی بیمار تھے توکہیںبزرگ اور بچے اہلیان لاہور،کراچی، راولپنڈی سمیت شہروں اور دیہات کے لوگوں نے ہجرت کرکے آنیوالوں کواپنے سینے سے لگالیا۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اوراِ ن کے رفقاءآنیوالے مسلمانوں کا استقبال کررہے تھے ۔جب لُٹے پٹے قافلے پاکستان پہنچ رہے تھے تووُہ منظرآج بھی بزرگ یاد کرکے آبدیدہ ہوجاتے ہیں کہ پاکستان کوئی پلیٹ میں رکھ نہیں ملا اِس کی بنیادوں میں لاکھوں شہداءکا خون شامل ہے۔آج جو چند فتنہ پرست سیاسی عناصر پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم حرکات کرتے ہیں تواِنہیں پتہ ہونا چاہیے کہ پاکستان کی غیور عوام اِن کے فتنوں اور جھوٹے بیانیے کو مکمل طور پر مستردکرچکی ہے ۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف ،سپہ سالار آرمی چیف حافظ جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستان جہاں معاشی طور پر مضبوط ہورہاہے وہیں پاکستان کے دِشمنوں ،بچے کھچے دہشتگروں کا بھی قلع قمع کیاجارہاہے ۔
گزشتہ روز بھی پاک فوج کے ثبوتوں نے پاکستان کے دُشمنو ں ،دہشتگردوں کیخلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے ضلع بنوں میں تین خارجیوں کوواصل جہنم جبکہ 9خارجیوں کوگرفتار کیا ۔حکومت پاکستان ،پاکستان کی عوام دہشتگردوں کے خاتمہ تک پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج ،سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔دوسری جانب وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کے مضبوط مستقبل کیلئے اپنابھرپور کردار اداکررہی ہے ۔
گزشتہ روز بھی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف سے امریکہ سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اور پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراءمحمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاءاللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان کے اسٹریٹجک
جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند، باصلاحیت اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے ہوئے وزیراعظم نے عالمی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ملک کے منفرد منظر نامے کا بھی ذکر کیا۔ گینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کی تعریف کی اور کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو سراہا اور ملک کی مستقبل کی ترقی کی رفتار پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا۔قارئین کرام!آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم تمام تراختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کریں جس نہج تک پاکستان کوپہنچادیا گیا تھا وہاں سے واپس اور درست سمت گامزن کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔اگرآج پاکستان کیلئے بحثیت قوم ہم سب ایک نہ ہوئے توآنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی کیونکہ پاکستان ہے توہم ہیں ۔ہماری پہچان صرف اور صرف پاکستان ہے ۔آج جو چند سیاسی عناصر جن سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی اور وُہ افراتفری سمیت آئے روزنیاڈھنڈوراپیٹ رہے ہوتے ہیں ایسے عناصر کامکمل بائیکاٹ وقت کی ضرورت بن چکا ہے ۔آج جہاں دُنیا مستقبل کے لائحہ عمل تیارکررہی ہے وہیں ٹیکنالوجیز کے ذریعے انقلاب برپا کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے شروع کیا گیا ”اُڑان پاکستان “پراجیکٹ بھی پاکستان کے مستقبل کاضامن ہے ۔آج ہم سب کویہ سوچنا ہوگا کہ ہم کیا کردار اداکررہے ہیں اورپاکستان کی مضبوط کیلئے کیا کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ آج پاکستان کوہماری ضرورت ہے ۔
بقول شاعر کہ
دِل سے نکلے گی نہ مرکربھی وطن کی اُلفت
میری مٹی سے بھی خوشبوئے وفاآئے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے