آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آفاقی تعلیمات دکھی انسانیت کے لیے خوشیوں کی نوید ہیں اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضا قائم کرنے کے لئے اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی ضروری ہے۔اللہ تعالی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ربیع الاول میں عشرہ سیرت النبی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اہل اسلام تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنا رشتہ مزید مضبوط بنا کر اپنے معاشرے ہی کو نہیں بلکہ اس کرہ ارض کو جنت نظیر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔اگر تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کر دیا جائے تو دیکھتے ہی دیکھتے ہمارے مسائل دم توڑ جائیں گے اور معاشرہ جنت کا نمونہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آفاقی تعلیمات دکھی انسانیت کے لیے خوشیوں کی نوید ہیں۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت سے انسانیت کو شخصی غلامی سے اور دنیا کو کفر و الحاد کے اندھیروں سے نجات ملی۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت اور بعثت مبارک انسانیت کے لیے اللہ کا احسان عظیم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایسی نسل تیار فرمائی جس نے ساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اور عادلانہ قوانین کا درس دیا اور جب تک یہ نظام بالا دست رہا اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات اور مذہبی رواداری کے وہ مناظر دکھاتا رہا جسے دیکھنے کے لیے آج ہماری آنکھیں منتظر ہیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہمیں عشرہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اس بار عزم تحفظ ختم نبوت کے جذبے کے ساتھ منانا چاہیے۔عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ختم نبوت حلف نامہ میں نقب لگانے کی سازش ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم کے لئے ناموس رسالت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔ ہمیں اپنی زندگی کو سنت مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے #
خاص خبریں
علاقائی
۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے دردانہ صدیقی
- by Daily Pakistan
- اکتوبر 8, 2022
- 0 Comments
- Less than a minute
- 500 Views
- 2 سال ago