ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
17ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2024 کی افتتاحی تقریب اور میڈیا بریف کا مارگلہ گرینز گالف کلب اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔ میڈیا بریف کے دوران پیٹرن پاکستان نیوی گالف (نارتھ) کموڈور ثاقب الیاس نے ایونٹ کے مختلف پہلوؤں اور مختلف کیٹیگریز میں اس کے انعقاد کے حوا لے سے آگاہ کیا۔
سی این ایس امیچور گالف کپ کے میچز چار بڑی کیٹیگریز میں کھیلے جائیں گے جن میں امیچورز ، خواتین ، سینئرز اور جونیئرز کے مقابلے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مہمانوں اور اسپانسرز کے لیے دوستانہ میچ بھی کھیلا جائے گا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2007 سے قومی گولف سرکٹ کا ایک باقاعدہ اور بڑا ایونٹ ہے۔ یہ ایونٹ گالف کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے سامنے پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ گزشتہ سال ملک بھر سے تقریبا 300 گالفرز نے چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ میں حصہ لیا؛ جس کا ٹائٹل مارگلہ گرینز گالف کلب کے ارتضیٰ حسین نے اپنے نام کیا جو کہ اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ اس ایونٹ کا باقاعدہ انعقاد قومی اور بین الاقوامی سطح پر گولف کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔
مقابلے کی افتتاحی تقریب میں سول و ملٹری افسران، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔