پاکستان

امریکی صدر جوبائیڈن کا پاکستان کی امداد جاری رکھنے کا اعادہ

امریکی صدر جوبائیڈن کا پاکستان کی امداد جاری رکھنے کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جوبائیڈن کی ملاقات ہوئی، ملاقات امریکی صدر کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکہ کے صدر جوبائیڈن سے ملاقات ہوئی، یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنمائوں کے اعزاز میں امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں امریکی صدر نے پاکستان میں سیلاب سے سیکڑوں اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سربراہ یوایس ایڈ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں بلومبرگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پورا ملک سمندر کا منظر پیش کر رہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہوا ہے، سیلاب کے بعد پانی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں، پاکستان میں بحالی کے لیےعالمی دنیا کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، تباہ کاریوں اور بحالی کے کاموں میں ادائیگیاں بہت مشکل ہے، دنیا نے جو ہماری مدد کی بہت کم ہے، اگلے دو ماہ میں پاکستان پر قرضوں کی ذمہ داریاں ہیں، ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاربن کے پھیلاؤ میں پاکستان کا کردار 0.8 فیصد ہے، سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے، 400 بچوں سمیت 1300 اموات ہوئیں، سیلاب سے پاکستان کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے