اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے کہ ہم نے اور چشم فلک نے 9 مئی جیسے واقعات کبھی نہیں دیکھے، جنہوں نے ظالمانہ قدم اٹھایا وہ چھپ نہیں پائیں گے انہیں سزا ملے گی، شہدا کے بچوں کو یوتھ اور زرعی قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہدا کے لہو کی بدولت آج پاکستان موجود ہے، سپوتوں نے ملک کے لیے جانیں قربان کیں، شہدا نے اپنی جانیں دے کر اپنے بچوں کو یتیم کر کے ہمارے بچوں کو یتیمی سے بچا لیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم سکون، چین کی نیند سوتی ہے تو یہ عظیم سپوتوں کے لہو کی زکوۃ ہے، لاکھوں شہیدوں کے لہو کی بدولت کاروبار چل رہا ہے، کھیتیاں لہرا رہی ہیں، یہ شہدا کسی ایک جماعت یا مسلک کے نہیں ہیں، شہدا کا احترام 23 کروڑ عوام کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ کنونشن کا تقاضہ ہے کہ شہدا کو قیامت تک یاد رکھیں، شہیدوں کی عظمت ہمیشہ قائم و دائم رہے گی، شہدا نے جواں مردی سے ہر حالات کا مقابلہ کیا، نو مئی کو ملک میں درندگی ہوئی اور پاکستان کی تاریخ میں المناک ترین واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گرفتاریوں سے بھری پڑی ہے، کیا کبھی کسی نے گرفتاری پر گملا تک توڑا، اپنے دور میں انہوں نے پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگایا، سب نے جبر برداشت کیا مگر کبھی حملے کا نہیں سوچا، کرپشن کے مقدمے میں عمران نیازی کی گرفتاری ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے جتھوں کو پیغام دیا کہ میری گرفتاری پر فلاں فلاں مقامات پر حملہ کرنا ہے، ایک سوال کا جواب پوری قوم مانگتی ہے کہ گرفتاری پر جناح ہاؤس کو کیوں نشانہ بنایا گیا، چند سال پہلے قائد اعظم ریزیڈینسی اور جی ایچ کیو پر حملہ ہوا اور پھر نو مئی کو جناح ہاؤس، جی ایچ کیو پر دوبارہ حملہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان چبھتے سوالات کا جواب پوری قوم مانگتی ہے، سیاسی کارکن اپنے لیڈر کی گرفتاری پر احتجاج کرتے ہیں ہنگامہ آرائی نہیں، کسی نے کبھی پاکستان کے جھنڈے پر آنچ نہیں آنے دی، کبھی کسی نے شہیدوں کے مجسموں کو تباہ نہیں کیا۔
خاص خبریں
ہم نے اور چشم فلک نے 9 مئی جیسے واقعات کبھی نہیں دیکھے، وزیراعظم
- by Daily Pakistan
- مئی 25, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 280 Views
- 2 سال ago