کالم

علاج معالجہ کی سہولیات بہتر بنانے کا عزم

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ازبکستان کے مختلف ہسپتالوں میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے تاکہ دکھی انسانیت کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جا سکے۔ محسن نقوی نے ازبک ہسپتالوں میں استقبالیہ ڈیسک، ریفرل سسٹم اورمختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا اورچائلڈ ایمرجنسی،شعبہ ڈائیگناسٹک،میڈیکل وارڈ اور آئی سی یو کا دورہ کیا ، طبی آلات اور جدید بیڈزدیکھے، میڈیکل وارڈز، ڈینٹل کلینک اور شعبہ امراض قلب میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں معلومات لیں اس کے علاوہ جدید ترین طبی آلات سے مزین ڈیپارٹمنٹ اور کارڈیکو آئی سی یو میں طریقہ علاج کا مشاہدہ کیا اور ڈاکٹرز کےلئے لائبریری کے جدید نظام، ڈاکٹروں او رطبی عملے کی ٹریننگ کےلئے سیمینار روم کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ازبک ڈاکٹرو ں اور طبی عملے کی دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کے ہسپتالوں میں مریضوں کےلئے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں دیکھ کر متاثرہوا ہوں ۔ ہم پنجاب میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کےلئے کوشاں ہیں ۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنائینگے ۔ شعبہ صحت کی ترقی اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔لہٰذا موجودہ حکومت پنجاب صوبے میں صحت کی سہولیات کی بہتری پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور ایسا نظام وضع کیا جا رہا ہے جس سے مریضوں کو شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں بنیادوں پر معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔ صوبے کے عوام کوصحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کےلئے فائل کسی جگہ نہیں رکنی چاہیے۔صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کا موجودہ پروگرام ملکی تاریخی کا سب سے بڑا اور تاریخی پروگرام ہے، اس کی بدولت نہ صرف سرکاری بلکہ پرائیویٹ ہسپتالوں سے بھی کمزور طبقے کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔پنجاب میں روزکام ہورہے ہیں اورنئے فلاحی منصوبوں کا افتتا ح کیا جارہا ہے۔ جبکہ پچھلے دس پندرہ سال صرف ڈرامے بازی ہوئی،کام نہیں ہوا اورمعاملات بگڑ گئے۔ سرکاری ہسپتالوں میں تمام تر خرابیاں سابق حکومت کا کیا دھرا ہے ۔سابقہ حکومت نے کوئی کام نہیں کیا۔ پنجاب میں صحت کے بہت سے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان میں ہسپتالوں میں نئے بلاکس کی تعمیر اور مزید سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔ لاہور ڈویژن میں 36ارب 65کروڑ روپے کے ہیلتھ پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ گنگارام ہسپتال میںسٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ بلاک کی تعمیر ہورہی ہے جس پر 7ارب روپے لاگت آئے گی۔ جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی اور ٹراما سینٹرز بنیں گے۔ جبکہ 4ارب روپے کی لا گت سے چائلڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی تعمیر ہوگی۔ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی مختلف وارڈ کی اپ گریڈیشن پر ساڑھے35ارب روپے خرچ ہوں گے۔ محسن نقوی نے وفد کے ہمراہ بخارا میں ٹوریسٹ پولیس سٹیشن کے دورہ میںٹوریسٹ پولیس سٹیشن کے مختلف سیکشن کا معائنہ کیا اور سیاحوں کی سہولت کے لئے وضع کردہ نظام کا جائزہ لیا۔ ٹوریسٹ پولیس سٹیشن میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اور جدید نظام کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کی تعریف کی۔ ٹوریسٹ پولیس سٹیشن میں سیاحوں کی سہولت اور رہنما ئی کے لئے استقبالیہ ڈیسک قائم ہے جس نے ارکان کو نقشے کی مدد سے سیاحتی مقامات اور وہاں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے آگاہ کیا ۔ سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کےلئے ازبک ٹوریسٹ پولیس کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے ۔پنجاب کے سیاحتی مقامات پر ازبک ٹوریسٹ پولیس کی طرز کا موثر نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔ٹوریسٹ پولیس سے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بہترین اورمحفوظ ماحول میسر آئے گا ۔محسن نقوی دورہ ازبکستان میں وہاں کی زندگی کے جن شعبوں کا خصوصی مطالعہ کر رہے ہیں ان میں زراعت، صنعت اور صحت عامہ کے شعبے شامل ہیں جن میں ازبکستان نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے