نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کے دیہات میں صفائی اورسینی ٹیشن کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس کا افتتاح محسن نقوی 14 اگست کو کریں گے ۔ محسن نقوی نے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے موثر حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے صفائی اور سینی ٹیشن پروگرام کے لئے چھوٹے گھروں سے فیس کی وصولی کی تجویز مسترد کر دی۔ پنجاب بھر میں شہروں کے علاوہ دیہی علاقوں کی صفائی ستھرائی کیلئے بھی نیا میکنزم لا رہے ہیں۔ماحول کو خوبصورت بنانا حکومت کے علاوہ ہم سب کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے جس کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ضرور ادا کرنا چاہیے۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کو سنوارنا ہے۔دیہات کسی بھی ملک کی زرعی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دیہی زندگی ہمیشہ سے شہری زندگی کی نسبت مشکلات اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار رہی ہے۔اور دیہی علاقوں میں صفائی کا نامناسب نظام بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا ریا ہے۔پنجاب حکومت مستقبل میں کوڑے سے پاک پنجاب کے خواب کی تعبیر کے لیے کوشاں ہے۔ اور یہ پروگرام بھی ا±نہی کاوشوں کی ایک کڑی ہے۔اس منصوبے میں دیہی آبادیوں کو ترجیح دی گئی ہے جہاں پانی کی آلودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات زیادہ پائے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے بیماریوں اور بچوں میں نشوونما کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔کابینہ اجلاس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے ٹیسٹ کے طریقہ کار و قواعد وضوابط کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کا انتظام پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب میں نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کےلئے 6 ہزار نرسوں کو بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ۔سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں رواں مالی سال کےلئے داخلہ پالیسی اور لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی از سر نو تعمیر کی سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔ پنجاب ڈرگز رولز 2007 میں ترمیم کی منظوری دی جبکہ گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کی منظوری اور منصوبے کو رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ چیف منسٹر ز ٹاسک فورس برائے جنگلات و جنگلی حیات کے قیام اورفیصل آباد شہر میں ڈرینج کے نظام کی بحالی کے پروگرام کی منظوری دی گئی جبکہ بابر سینما فیصل آباد کے قریب پرانی سبزی منڈی کی اراضی پر پبلک پارک کے قیام کی منظوری دی گئی۔محکمہ سکولز ایجوکیشن کے پروگرام ”اسپائر“ کیلئے 2 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈزا ور مختلف بین الاقوامی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے تعاون کے 19 منصوبوں کیلئے 16 ارب 77 کروڑ روپے کے فنڈز کے از سر نو اجراءکیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اے ایس آئی اور ایس آئی کی ٹریننگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے پولیس رولز 1934 میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن سے ملاقات میں زراعت، ماحولیات، صحت اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے ماحولیات خصوصاً سموگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی اور انسداد پولیو کے لئے موثر اقدامات پر پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں ماحولیات کی بہتری کے لئے 5 ہزار ایکڑ رقبے پر بوٹینیکل گارڈن کا منصوبہ بنایا ہے۔ پوری کوشش ہے کہ سموگ سے نمٹا جائے اور ہم اپنے بچوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور رواں برس کاٹن کی بہترین کاشت سے 3 ارب ڈالر کی بچت کی ہے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ پاکستان اور کینیڈا کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات ہیں ۔دونو ں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سموگ سے نمٹنے اور زراعت خصوصا آئل سیڈز ڈویلپمنٹ کے لئے کینیڈا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے