کالم

جنگ ستمبراور قوم کا جذبہ لازوال

ماہ ستمبر کے آغاز کیساتھ ہی عوام پاکستان کے دل ودماغ، ارواح و اجسام پاک فوج کے بہادر شہیدوں، جانبازسپاہیوں اورغازیوں کی یادوں کی روشنی اور خوشبو سے معطر ہوجاتے ہیں، ان شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے چھ ستمبر کا دن، عوام پاکستان اور مسلح افواج کی جانب سے یوم شہداءاور یوم دفاع وطن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔وہ چھ ستمبر کا ہی دن تھا جب پاکستان کا ازلی دشمن بھارت پاکستان کو ختم کرنے کےلئے چڑھ دوڑا تھا، رات کے اندھیرے میںدشمن نے ٹینکوں کی گھن گرج اور شراب کے نشے میں پاکستان پر حملہ کیا تو 6 ستمبر 1965ءکی رات نے ایک ایسی صبح کو جنم دیا جو رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کے لئے مشعل راہ بن گئی۔ امتحان اور آزمائش کی ہر گھڑی اور ہر موقع کی طرح اس وقت بھی اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اہل حق ، اہل پاکستان کے شامل حال رہی اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتی پاکستان کی بہادر بری ، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے وار روکنے کےلئے اپنے سینے ڈھال بنا دیے۔ اس مو قع پر شہریان پاکستان کے رویے بھی بے مثال تھے، ادھر بھارتی حملہ ہوا ، ادھر تمام اختلافات ختم ۔ اہل زر نے اپنا مال و دولت، اہل فن نے اپنا کسب و کمال، اہل قلم نے اپنے الفاظ و جذبات اور اہل دل نے اپنی وفائیں اور دعائیں سب پاکستان کےلئے وقف کردیں ۔ ہر ہر پاکستانی ”میرا سب کچھ میرے وطن کا ہے“ کی عملی تفسیر و تصویر بن گیا۔ہر محاذپر گھمسان کا رن پڑا ، پاکستان کے بہادر بیٹوں نے زمین ، فضاءاور سمندر میں ہر معرکے اور ہر مورچے میں دشمن کے دانت کٹھے کئے۔ اسطرح ہندوستان کے گھناﺅنے اور ناپاک منصوبے ملیا میٹ ہوئے، ہندو سورماﺅں کا غرور خاک میں ملا ۔شرمناک شکست، ذلت ، رسوائی اور شرمندگی ہندو نیتاﺅں اور بھارتی فوج کا مقدر بنی۔ اورالحمد اللہ افواج پاکستان اور اہل پاکستان اور محبان پاکستان سرخرو و سرفراز ٹھہرے۔ یہ حقیقت ہے کہ جب بھی کبھی معاملہ دفاع وطن کا آیا پاکستان کی فوجی و سول قیادت اور پوری پاکستانی قوم ایک جسم و جان کی مانند ایک صفحے پر متحدہوتی ہے، سیاچن کی برف پوش چوٹیا ں ہوں یا تھر کی چاندی جیسی چمکتی ریت کے ٹیلے ، پنجاب کے میدان ہوں یا سندھ اور بلوچستان کے ساحل، خواہ خیبر پختونخواہ کی حسین و جمیل وادیاں ہی کیوں نہ ہوں وطن عزیز کےلئے چپے چپے کی حفاظت کےلئے پاک فوج پر لحظہ چاک و چوبند ہے ۔ اور ان کا یہ پختہ اتحاد اقوام عالم کو واضع پیغام دیتا ہے کہ پاکستانی قوم ہر طرح کے کٹھن حالات کا مقابلہ کرنا، اور ملک دشمن عناصر کو ناکوں چنے چبوانا جانتی ہے ،چاہے وہ 1948ءکی پاک بھارت جنگ ہو یا1965ءاور1971 ءکی جنگیں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے ہر محاذ پر دشمن کو دھول چٹائی ہے ۔ پاکستان کا دفاع لاکھوں شہداءکے خون سے عبارت ہے، دفاع کی خاطر شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والوں کو قوم نے نشان حیدر، ستارہ جرات، تمغہ جرات، اور دیگر فوجی اعزازات سے نوازا، اور ان بہادر سپوتوں کے بہادری کے کارنامے قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور رہیں گے اور پاکستان کے دشمن یاد رکھیں کہ آج افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنے کا پہلے سے کہیں زیادہ جذبہ موجود ہے۔ پوری پاکستانی قوم ہر مشکل موڑ پر بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ماضی میں ملک دشمن عناصر نے دہشت گردی کی بہیمانہ وارداتوں میں معصوم شہریوں کا قتل عام کرکے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ مےں رخنہ ڈالا، اور ملک کو معاشی و اقتصادی ترقی میں پھلنے پھولنے نہ دےا جس پر افواج پاکستان نے سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے دہشت گردوں کیخلاف کئی بڑے آپرےشن کئے ، ان تمام آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کیخلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں،اٹھانوے فیصد سے زائد دہشت گردوں کا قلع قمع ہوا اور غیرملکیوں سمیت دہشت گرد تنظیموں کے متعدد اہم کمانڈرز ان آپریشنز میں مارے گئے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، گاڑیاں اور دوسراسامان حرب قبضے میں لیا گیا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میںجتنی قربانیاں ہماری فوج،پولیس ، رینجرز ،ایف سی،انٹیلی جنس اداروں ، طالب علموں اور عوام نے دی ہیں دنیاکی کوئی قوم اور ملک اس کی مثال پیش نہیں کرسکتا۔ ان آپریشنز میں پاک فوج کے بہادر جوانوں، افسروں اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں اور سول شہریوں سمیت 80 ہزار سے زائد افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔ آج پوری پاکستانی قوم پاک فوج اور مسلح سیکورٹی فورسز کے شہدوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ہمارے محفوظ کل کےلئے اپنا آج قربان کردیا ۔ غازیوں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر سلام ان غازیوں اور شہیدوں کو جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کی خاطر غیر روائتی جنگوں اور خفیہ معرکوں میں اپنا کردار ادا کیا، ان خاموش مجاہدوں کے کارناموںسے قوم آگاہ نہیں ، مگر مادر وطن کی سلامتی اور دفاع کیلئے ان کی قربانیاں لازوال اور ناقابل فراموش ہیں، جن کے مقصد کی لگن نے مادر وطن کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔ پاکستانی افواج کے خفیہ اداروں نے تاریخ کی سب سے بڑی خفیہ جنگ لڑی اور سفاک دشمن کو ایسے زخم لگائے کہ دشمن آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاک سرزمین کی حفاظت پر معمور ہر سپاہی کو سلامت اور سربلند رکھے جو کہ برف زاروں ، ریگزاروں ، اور کہساروں پر اہل پاکستان کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھنے کےلئے سینہ سپر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے