فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹورک (فافن)نے عام انتخابات 2024 میں سیاسی جماعتوں کو پڑنے والے ووٹوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی کے حلقوں پر ایک کروڑ 80 لاکھ 32 ہزار 955 ووٹ پڑے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر ایک کروڑ 53 لاکھ 84 ہزار 714 ووٹ ملے، تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں 88 اور صوبائی اسمبلیوں میں 201 نشستیں ملیں۔فافن رپورٹ میں بتایا گیا کہ ووٹوں کے اعتبار سے مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر رہی، مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی کے حلقوں پر ایک کروڑ 41 لاکھ 21 ہزار 509 ووٹ جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر ایک کروڑ 26 لاکھ 26 ہزار 257 ووٹ پڑے، مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی کی 75 اور صوبائی اسمبلیوں کی 156 سیٹیں ملیں۔رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کو قومی اسمبلی کے حلقوں پر 82 لاکھ 35 ہزار 875 ووٹوں کے ساتھ 54 سیٹیں ملیں جبکہ پی پی پی نے صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں پر 81 لاکھ 55 ہزار ووٹوں کے ساتھ 109 نشستیں حاصل کیں۔آزاد امیدواروں کو قومی اسمبلی کے حلقوں پر 70 لاکھ جبکہ صوبائی حلقوں پر 30 لاکھ سے زائد ووٹ پڑے، آزاد امیدواروں نے 13 قومی اور ایک صوبائی سیٹ جیتی۔فافن کا کہنا ہے کہ ووٹوں کے اعتبار سے تحریک لبیک پاکستان ملک کی چوتھی بڑی جماعت ہے مگر یہ جماعت قومی اسمبلی کی ایک بھی نشست نہیں جیت سکی تاہم پنجاب اسمبلی میں ایک نشست ملی۔ووٹوں کے حساب سے پانچویں بڑی جماعت جمعیت علما اسلام رہی، جے یو آئی نے 4 فیصد ووٹ حاصل کرکے قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستیں جیتیں۔قومی اسمبلی کیلئے 2 فیصد ووٹ لے کر جماعت اسلامی چھٹی بڑی جماعت رہی مگر کوئی نشت نہ حاصل کرسکی،جماعت اسلامی نے 3 فیصد ووٹوں کے ساتھ صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں جیتیں۔رپورٹ میں بتایا گیا حالیہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 265 نشستوں پر 6 کروڑ 12 لاکھ 87 ہزار 188 ووٹ پڑے جن میں سے 17 لاکھ 68 ہزار 471 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔صوبائی اسمبلی کی 590 نشستوں پر 6 کروڑ 2 لاکھ 35 ہزار 119 ووٹ پڑے جن میں سے 18 لاکھ 39 ہزار 26 ووٹ ضائع ہوئے، سب سے زیادہ ووٹ پنجاب میں مسترد ہوئے جبکہ بلوچستان میں مسترد ووٹوں کی شرح کم رہی۔
پاکستان
عام انتخابات میں کس سیاسی جماعت کو کتنے ووٹ پڑے، رپورٹ جاری
- by Daily Pakistan
- دسمبر 23, 2024
- 0 Comments
- Less than a minute
- 14 Views
- 10 گھنٹے ago