حلقہ احباب سردار خان نیازی

فیلڈ مارشل : دفاع وطن کا استعارہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اب ہمارے اجتماعی دفاعی نظام کے سربراہ ہیں۔ چیف آف ڈیفنس فورسز ۔ بے شک اللہ جسے چاہے عزت دے۔ فیلڈ مارشل کو اللہ نے عزت دی اور ان کے ذریعے اللہ نے قوم کو اور ملک کو عزت دی۔ وہ ہماری خوش بختی کی زندہ علامت ہیں ۔ وہ اس قوم کے محافظ ہیں اور اس قوم کی دعاؤں کے حصار میں ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب جلیلہ پر تعیناتی کے ساتھ ہی افواہوں کے اس عذاب سے بھی قوم کو نجات ملی جو ماحول میں کدورت گھولے ہوئے تھا۔ پاکستان کے خلاف کچھ قوتیں سائبر وار میں مصروف ہیں اور یہ کوئی موقع جانے نہیں دیتیں ۔ یہاں بھی ان عناصر نے یہی کچھ کیا اور فیک نیوز کا ایک طوفان بد تمیزی برپا کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو ہمارے دفاعی نظام کے ابلاغی مورچے کے سالار ہیں ، دل کھول کر رکھ دیا ہے ۔ ریاست کے خلاف ہر بیانیے کے سامنے وہ کھڑے ہوتے ہیں اور ن کی ابلاغ مہارت شاندار ہے۔ فیلڈ مارشل کی نئے منصب پر تعیناتی اور آئی ایس پی آر کے سربراہ کے واضح اور دوٹوک موقف ایک نئے سفر کی خبر دے رہے ہیں ۔ خدا اس سفر کو ملک اور قوم کے لیے مبارک کرے۔
اس تازہ منصب میں بڑی معنویت ہے۔ یہ عہدہ صرف علامتی نہیں ہے۔ یہ پاکستان کے دفاع کا مستقبل ہے۔ یہ ایک ویژن ہے جس نے حتمی شکل اختیار کی ہے ۔ یہ ہمارے دفاعی بندوبست کی ارتقائی صورت گری ہے ۔ پہلی بار آرمی، نیوی اور ایئر فورس ایک واضح کمانڈ ڈھانچے کے تحت کام کریں گے۔ فیصلے تیز ہوں گے، ہم آہنگی مضبوط ہوگی اور حکمت عملی واضح ہو گی۔ قیادت کو ایک نکتے پر مرتکز کر دیا گیا ہے ۔ ایمان اتحاد اور تنظیم کی عملی شکل ہے جو اس ادارے کی صورت میں سامنے آئی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنا تعارف خود ہے ، وہی بات کہ خود اپنا تعارف ہوا بہار کی ہے ۔ ان کی تربیت، انٹیلی جنس پس منظر اور کمانڈ کا تجربہ پیشہ ورانہ مہارت، گہرائی اور نظم و ضبط کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ ملک کے اندر اور باہر کے خطرات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ پاکستان کو ان کے مستحکم ہاتھ کی ضرورت ہے کیونکہ یہ عہدہ کئی دیرینہ خلا کو پر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ طویل مدتی منصوبہ بندی اب بغیر خلل کے جاری رہے گی۔
اس عہدے کے فوائد واضح ہیں اگر دیکھنے کی نیت ہو اور سب کچھ واضح ہے بشرطیہ مقصد تنقید برائے تنقید نہ ہو۔ جدید دور کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں اور اان سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہوتا ہے۔ یہ ادارہ اسی مقصد کے حصول کے لیے قائم ہوا ہے ا ور امید کی جانی چاہئے یہ ایک کامیاب مشق ہو گی۔ پاکستان کے دفاعی ڈھانچے میں اب ایک متحد کمانڈ سنٹر دستیاب ہے۔
یہ لمحہ جعلی بیانیوں کے دروازے بھی بند کرتا ہے۔ جو لوگ انتشار، الجھن اور ناکامی کی پیش گوئی کر رہے تھے وہ بے نقاب ہو گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی سخت وضاحت ضروری تھی کیونکہ پاکستان اپنی قومی حوصلہ افزائی کو خراب کرنے والی سازشوں کو برداشت نہیں کر سکتا۔ ادارے مضبوط کھڑے رہے، نوٹیفکیشن آیا اور افواہیں ختم ہو گئیں۔ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور اس کے بد خواہ کہیں بھی ہوں رسوا ہو رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے نئے ادارے کے سربراہ ہونے سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ انشا اللہ اب پاکستان کو استحکام ملتا ہے۔ ان کا انٹیلی جنس کا تجربہ ہائبرڈ وارفیئر، انتہا پسندی اور دشمنانہ منصوبوں کی سمجھ دیتا ہے جبکہ کمانڈ کا تجربہ بیرونی دفاع کے لیے تیاری فراہم کرتا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان کا موقف پختہ، مضبوط اور ہم آہنگ ہوگا۔ قوم ان کے لیے دعا گو ہے۔
یہ تقرری سراہی جانی چاہیے۔ پاکستان کو اپنے دفاعی نظام میں نظم، سمت اور اعتماد کی ضرورت تھی۔ اب یہ سب موجود ہے۔ جو لوگ ہڑبونگ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے وہ خاموش ہو گئے۔ ملک آگے بڑھ سکتا ہے اس یقین کے ساتھ کہ اس کے دفاعی ڈھانچے کی قیادت ایک سنجیدہ، ماہر اور معزز کمانڈر کے ہاتھ میں ہے۔
ہم دعا گو ہیں کہ ان کا دورانیہ ہماری مسلح افواج میںمزید اتحاد، نظم و ضبط اور طاقت لے آئے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ انہیں حکمت، حوصلہ اور ثابت قدمی عطا فرمائے تاکہ وہ اس عظیم ذمہ داری کا بوجھ سنبھال سکیں۔
وہ ہر آزمائش میں سرخرو ہوئے ا ور پاکستان کو سرخرو کیا۔ وہ انشا اللہ آئندہ بھی سرخرو ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے