نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک دولہا کے شادی سے انکار پر دلہن نے ایسا خلاف توقع کام کر دیا کہ انٹرنیٹ پر ویڈیو پوسٹ ہوئی تو دیکھنے والوں کے دل پسیج گئے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے شہر نوادا میں پیش آیا۔ نوادا کے بھگت سنگھ چوک میں دولہا جب شادی سے انکار کرکے تقریب سے نکلتا ہے تو دلہن اس کے پیچھے بھاگنا شروع کر دیتی ہے۔
اس دولہا دلہن کو ایک مصروف سڑک پر دیکھا گیا جہاں کچھ مقامی لوگوں نے دولہا کو روک لیا اور دلہن سے ماجرا پوچھا تو اس نے روتے ہوئے اتنا کہا کہ ”میری شادی کرواﺅ“۔منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دولہا کیمرے سے چہرہ چھپانے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے جبکہ لوگوں کے دولہا کو روکنے کے بعد دلہن اس کا بازو مضبوطی سے پکڑے ہوئے ہوتی ہے۔
دلہن کے ساتھ اس کا والد بھی ہوتا ہے، جس نے بتایا کہ اس نے اس نوجوان کے ساتھ اپنی بیٹی کی شادی تین ماہ قبل طے کی تھی۔ انہوں نے دولہا کو ایک موٹرسائیکل اور 50ہزار روپے نقد بطور جہیز دیئے تاہم جب شادی کا دن آیا تو دولہا نے شادی ملتوی کرنے کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ وہ شادی نہیں کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر فریقین کو تھانے منتقل کر دیا جہاں پولیس کی مصالحت سے فریقین شادی پر رضامند ہو گئے اور پولیس نے تھانے کے سامنے واقع مندر میں ہی دولہا دلہن کی شادی کروا دی