خاص خبریں

نواب شاہ؛ ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی

نواب شاہ؛ ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی

نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جس کے باعث 35 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ہمارے نمائندے کے مطابق حادثے کی اطلاع پر ایمبولینس و پولیس جائے حادثہ روانہ ہوگئی جبکہ حادثے کے بعد اَپ ٹریک دیگر ٹرینوں کے لیے معطل ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق بریک دیر سے لگنے کی وجہ سے حادثے نے شدت اختیار کی، متاثرہ ٹرین کی 8 بوگیاں پٹری سے اتریں۔ حادثے کے نتیجے میں کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں تاخیر کا امکان ہے۔حادثے کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ امدادی کاموں کی نگرانی کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے خود جائے حادثہ پہنچ گئے۔اطلاعات ہیں کہ جن زخمیوں کو طبی امداد کی ضرورت تھی اور جو ٹرین سے باہر تھے انہیں ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ جو لوگ الٹی بوگیوں کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں انہیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ریسکیو ٹرینز روہڑی اور کراچی سے بھی روانہ ہو چکی ہیں، اس موقع پر پاک فوج اور رینجرز کے دستے ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔آئی جی ریلویز پولیس راؤ سردار علی خان نے ریلوے پولیس افسران کو جائے وقوع پر زیادہ سے زیادہ ریلویز پولیس کی نفری کو ریسکیو کے لیے روانہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔آئی جی ریلویز پولیس نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی ساؤتھ کو فوری طور پر جائے وقوع پر روانہ کردیا گیا ہے، ایس ایس پی ریلویز کراچی کو بھی جائے وقوع کی طرف روانہ کردیا گیا ہے، متعلقہ افسران کو زخمی مسافروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔حادثے کے حوالے سے سماجی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا ہے کہ حادثے میں ہلاکتیں 35 ہوچکی ہیں۔ ایدھی انفارمیشن سروس کے مطابق 35 افراد کی لاشیں اور ساٹھ زخمیوں کو جائے حادثہ سے پی ایم سی اسپتال نواب شاہ منتقل کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے