لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق مری میں پیش آنے والے سانحے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری اور ریسکیو اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ نے مری واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بنانے کا حکم دیا ہے جو 72 گھنٹوں میں اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع کےمطابق کمیٹی میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران شامل ہوں گے جن کے ناموں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ کمیٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی کہ مری میں جو موسم کی شدت تھی اس حوالےسے انتظامات کیے گئے؟ اگر کیے تو یہ واقعہ کیوں ہوا؟ اور جانیں کیوں ضائع ہوئیں؟ اگر ریلیف آپریشن بروقت شروع کیا گیا تو اس میں کس حد تک انتظامی غفلت ہوئی۔واضح رہے کہ مری میں سیاحوں کے شدید رش اور برفباری کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ 19 افراد کی گاڑیوں میں ہی اموات ہوچکی ہے جس کی تصدیق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافز کردی گئی ہے۔