لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ آنا خوش آئند ہے، مسلم لیگ ن الیکشن کیلیے تیار ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم انتخابات کے لیے بالکل تیار ہیں، یہ خوش آئند کہ سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن نے تاریخیں بتائیں، الیکشن کمیشن اور صدر ایک ہی پیج پر ہیں ، کوئی کنفیوژن یا رکاوٹ تھی بھی تو وہ بھی دور ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدرپاکستان عارف علوی اور الیکشن کمیشن میں انتخابات کی تاریخ طے ہو گئی ہے کل سپریم کورٹ میں جا کر انتخابات کے معاملے پر مہر ثبت ہو جائے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی تینوں تاریخیں ٹھیک تھیں ۔پہلے تاریخ کا رولا تھا اب یہ رولا ہے کہ تاریخ دینی کس نے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں الیکشن کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ،قوم کے لیے نادر موقع ہے کہ نیا آغاز کریں اور الیکشن صاف و شفاف کرانے کے بعد مسائل کا حل ڈھونڈیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ آنے سے سیاسی بے یقینی کم ہوگی اوراس سے تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کی جانب بڑھیں گی ۔ عوام میں بھی ایک امید اور انتخابات کا جوش وخروش شروع ہو جائے گا، مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ الیکشن صاف و شفاف نہ ہوں، جنہوں نے الیکشن لڑنا ہے وہ اب الیکشن کی تیاریاں کریں گے۔ جنہوں نے الیکشن نہیں لڑنا وہ سو بہانے ڈھونڈیں گے۔پیپلز پارٹی کی تنقید پر سوال کا جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں نے اپنی پوزیشن تو لینی ہی ہے، جب ہم اتحاد میں تھے تو ایک دوسرے کے ساتھ گھی شکر تھے، الیکشن میں تو یہ ہو گا کہ ایک دوسرے پر تنقید کی جائے گی۔ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈائیلاگ کے معاملے پر الیکشن سے قبل کوئی خاص پیش رفت نہیں ہو پائے گی تاہم الیکشن کے فوری بعد گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ ضرور ہونا چاہیے، انتخابات کے بعد چاہے سنگل پارٹی حکومت بنے یا مخلوط گرینڈ ڈائیلاگ ہونے چاہیں، مسائل کے حوالے سے کوئی قومی ایجنڈا طے کر لیں تو یہ بہتر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگر نیت درست ہو تو معاشی معاملات، نظام عدل کی مضبوطی ، سمیت دیگر اہم معاملات پر اتفاق رائے ہو سکتا ہے۔پروگرام اینکررحمان اظہر کی جانب سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی ضرورت یہ ہے کہ پاکستان سب کا لاڈلا ہو، عوام لاڈلی ہو، کوئی سیاسی جماعت لاڈلی نہ ہو۔ عوام نے ہمیں اکثریت دی تو عوامی مسائل دوبارہ حل کریں گے۔ ہم نے پہلے بھی مسائل حل کیے دوبارہ بھی مسائل حل کر سکتے ہیں۔
پاکستان
ضرورت یہ ہے کہ پاکستان سب کا لاڈلا ہو، کوئی سیاسی جماعت لاڈلی نہ ہو، خواجہ آصف
- by Daily Pakistan
- نومبر 3, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 372 Views
- 2 سال ago