متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا ہے۔
دبئی میں کھیلے جارہے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلے اوور میں 11 رنز بنائے، جس میں کپتان کا ایک چوکا بھی شامل تھا۔
دوسرے اوور میں 8 رنز کا اضافہ ہوا تاہم کوئی باؤنڈری نہیں ملی اور اسکور بغیر کسی نقصان 19 رنز تک پہنچ گیا۔
محمد رضوان نے چوتھے اوورز کی تیسری گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئے اور گیند وکٹ کیپر مینڈس کے ہاتھوں میں چلی گئی اور یوں پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، اس وقت پاکستان کا اسکور 28 رنز تھا۔ فخر زمان دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور کپتان کے ساتھ اسکور آگے بڑھایا، انہیں ساتویں اوور میں مشکل ہوسکتی تھی کیونکہ گیند وکٹ سے ٹکرائی لیکن کوئی اثر نہیں پڑا اور وہ محفوظ رہے۔
سری لنکن بولرز کے سامنے قومی بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے، پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بابر اعظم 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا نے 3 جبکہ مادوشان اور ٹھیکشانا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں،شاداب خان اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے، ان کی جگہ عثمان قادر اور حسن علی ٹیم میں شامل ہیں
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔
بھارت سپر فور مرحلے میں 3 میں سےصرف ایک میچ جیت سکا جبکہ افغانستان کو اپنے تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر کو ایشیا کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔