خصوصی تحریر ! کاشف شمیم صدیقی
کچھ شخصیات ایسی بھی ہوتی ہیں کہ ان کے کاموں، انکی سوچ، افکار، پیشہ وارانہ طرزعمل اور طرز زند گی کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے، ایسے لوگ نہ صرف اپنی زندگی میں بلکہ اس جہان فانی سے رخصت ہونے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں گھر بنائے رکھتے ہیں۔ ایسے ہی اعزازات کی روشنیوں میں جگمگاتی ایک شخصیت اختر حمید خان(مرحوم)کی بھی ہے، جنہیں آج بھی یاد کیا جاتا، اوران کے مثالی کاموں کو سراہا جاتا ہے۔گزشتہ روز مورخہ11 اکتوبرکو کراچی میں قائم اربن ریسورس سینٹر(URC) میں اختر حمید خان کی یاد میں ایک فکری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں طلبا، اورنگی پائلٹ پراجیکٹ سے وابستہ شخصیات اور سول سوسائٹی نمائندگان نے شرکت کی۔
منعقدہ پروگرام میں اختر حمید خان کی شخصیت کے مختلف پہلووں کو زیربحث لایا گیا، بالخصوص سماجی کاموں کی کامیابی میں انکی قائدانہ صلاحیتوں سے مزین کردار کو بھربورانداز میں سراہا گیا۔
مقررین میں اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کے بانی رکن اور URC کیچئرمین عارف حسن، سینئرجرنلسٹ اور اسکالر زبیدہ مصطفی، اورURC میں جاری پروگرام ICAT کی انسٹرکٹر رابعہ صدیقی شامل تھیں، پروگرام کی میزبانی کے فرائض سیما لیاقت نے بخوبی ادا کئے۔
مجموعی طور پر مقررین اور حاظرین محفل کی جانب سے مرحوم اختر حمید خان کے پیشہ وارانہ طرز عمل، نمود ونمائش سے پاک طرز زندگی، اپنے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کو متحرک اور پرعزم رکھنا، اور پسماندہ برادریوں(Communities) کو با اختیار بنائے جانے پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ اختر حمید خان کی شخصیت سے جڑے پہلووں کی تقلید معاشرتی کامیابیوں کے فروغ میں معاون و مددگار ثابت رہیں گی۔