حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی آزاد جموں کشمیر کے زیر اہتمام ضلع نیلم میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ کانفرنس کی صدارت سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان نصرت ارشد نے کی۔ ” کشمیر- اب نہیں تو کب ” کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے مجاہدوں اور غازیوں کی سر زمین وادی نیلم کی غیور خواتین کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور آزادی کی منزل کے حصول تک جدوجہد تیز کرنے کی تاکید کی۔ کانفرنس میں سید علی گیلانی رحمتہ اللہ علیہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہ عزم و استقامت کا استعارہ سید علی گیلانی ہمارے لئے عزم آزادی کی مشعلیں روشن کر گئے ہیں اور آزادی کی تکمیل تک ان مشعلوں کو جلائے رکھنا ہی ان کے محبین کی اصل ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ کشمیر کی آزادی کا حصول کشمیر میں استصواب رائے کے ذریعے ہی ممکن ہے، استصواب رائے کشمیری مسلمانوں کے حقوق اور ان کے جدوجہد کی کامیابی کی علامت ہے ، لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیر میں رائے شماری کے حوالے سے کشمیر کے اندر رائے عامہ ہموار کی جائے، لوگوں کو اس بات کا احساس دلایا جائے ، انہیں باور کرایا جائے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک ہی صورت ہے کہ اقوام متحدہ کے فیصلوں کے مطابق کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دینا ہے۔ شفاف اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کشمیری عوام کے مستقبل کے فیصلے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کارکنان اور کشمیری خواتین کو تاکید کی کہ اس مقصد کے لیے زیادہ سے زیادہ رائے عامہ ہموار کی جائے تاکہ عوامی رائے کے ذریعے قانون ساز اداروں اور حکومتی سطح تک پہنچائی جاسکے، نیز کے اس کے ساتھ ساتھ ہمیں سید علی گیلانی کے نعرے ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے اور ان کے ویژن کی تکمیل پر توجہ دینی ہے۔ کشمیر کی آزادی کے بعد اس کا پاکستان سے الحاق ان کا خواب تھا جو جلد شرمندہ تعبیر ہوگا انہوں نے کہا کہ استصواب رائے، کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان آپس میں منظوم و مربوط ہیں، ان سب کے حصول کے لیے زیادہ سے زیادہ رائے عامہ کی ہمواری کی ضرورت ہے۔ ہم خیال گروپوں کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کرنے اور سید علی گیلانی کے نعرے کو بستی بستی گھر گھر پہنچانے کا وقت ہے۔ کشمیری عوام کو ہم آہنگی ، دلی وابستگی اور مضبوط ارادے کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔ اپنے خطاب میں دردانہ صدیقی نے حکومت وقت ، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانفرنس سے ڈپٹی جنرل سیکریٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان سکینہ شاہد ڈپٹی ڈائیریکٹر امور خارجہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان افشاں نوید اور پریزیڈنٹ انٹرنیشنل ویمن فورم فار کشمیر ڈاکٹر خدیجہ ترابی کے علاؤہ مقامی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کشمیر کی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کے اندر عزم آزادی کی روح پیدا کرنے اور آزادی کی منزل کے لئے اپنی صلاحیتوں اور وقت کو صرف کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔کانفرنس میں ضلع نیلم سے بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
خاص خبریں
علاقائی
کشمیر کی آزادی کا حصول کشمیر میں استصواب رائے کے ذریعے ہی ممکن ہے دردانہ صدیقی
- by Daily Pakistan
- ستمبر 15, 2022
- 0 Comments
- Less than a minute
- 732 Views
- 2 سال ago