کالم

ہیجانی کیفیت سے قوم کو نکالاجائے

امریکہ پاکستان کادشمن ہے ، خیر خواہ وطن پاکستان ذرا سابھی نہیں ہے۔ پاکستان کو اپنے زیر نگین اور یہاں کے کرتا دھرتاﺅں کو اپنا غلام دیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان میں صرف وہی پسند کرتا ہے جو اس کے عین مطابق ہودوسرا اور کچھ بھی نہیں۔ پاکستان کے اندرونی معاملات میں ہمیشہ سے مداخلت کرتا آیا ہے اور اب بھی کررہا ہے او ر اس سے کسی طور ہٹ بھی نہیں سکتا ہے کیونکہ یہ اُس کا کام ٹھہرا اور مشن اول بھی ۔ امریکہ ہمار ادشمن ہے اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہ ہے مگر ا س سے زیادہ دشمن ہم اپنے خود ہیں کہ امریکی باتوں ،وعدوں اور فریب میں آکر یا اسے اپنی باتوں میں الجھا کر یا فریب دے کر خود سے چاہتے نا چاہتے ناجانے کن مصلحتوں اور مجبوریوں کے تحت گھِر سا جاتے ہیں اور پاکستان کا حال و ہ کردیتے ہیں کہ خدا پناہ کہ کسی کا ایسا حال نہ ہو۔ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان سے بچانے کی سعی میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان دے جاتے ہیں۔امریکہ بہادرجو پوری دنیا میں حکومتیں بنانے اور گرانے کا ماہر جاناجاتا ہے پاکستان میں بھی کچھ ایسا ہی کررہا ہے اور ہمیشہ سے اپنے ایسے کردار کا شدید متمنی و خواہشمند رہا ہے مگر ایسا مانتا نہیں ہے مگر حقیقت یہی ہے کہ امریکہ حکومتیں بنانے اورگرانے کی وہ فیکٹری ہے جس کی پروڈکشن یہیں سے ہوتی ہے ۔کسی بھی ملک کے حالات کو بنانے اور سنوارنے میں اس کا اہم کردار ہے ،جس ملک سے اِسے تکلیف ہو وہاں کی حکومتوں کو اس کا ڈسٹرب کرنا محبوب مشغلہ ہے اور ایسایہ مختلف طریقے ، حربے استعمال کئے کرتا ہے اس کیلئے مختلف لالچانہ ترغیبات سے لے کر ڈرانے، دھمکانے تک کے تمام آپشن زیر استعمال لاتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کامیاب بھی ٹھہرتا ہے ۔ اس کے کامیاب ٹھہرنے کی وجہ یہ ہے کہ کمزوراور غریب ممالک کو آفرہی ایسی کرواتا ہے کہ ماننا ضروری ہے اور ڈرانے دھمکانے کاانداز ایسا خوفناک ہے کہ اگلا فوری مان جاتا ہے اور پھر ہوتا کیا ہے کہ ہم خود سے ہی اپنی بنائی حکومتوں کو ڈھڑم سے دھڑن تختہ کر دیتا ہے اور امریکن لوگ اور ایجنڈا زبردستی مسلط کردیتا ہے ۔ملک جائے بھاڑ میں ، جوہوتا ہے ہونے دو، کے فلسفے پر کاربند رہے ، سب کچھ اپنی آنکھوں کے سامنے تہس نہس دیکھ کر بھی گھبراتا یا شرماتا ذرا سابھی نہیں ہے۔ملکی روپیہ گرجائے ، ڈالر بڑھ جائے ، کوئی فکر ہی نہیں رکھتا ہے ۔ ملک کی صورتحال انتہائی مخدوش ہی کیوں نہ ہو جائے فوری بمطابق آئین و قانون الیکشن نہیں کرواتا ہے۔ خود ہی درخواست گزار ہوتا ہے اور خود ہی اعتراض اٹھاتا ہے ۔کیا عجب تماشا دکھاتا ہے ۔ایک طرف مکمل خاموشی کروا کر ،دوسری جانب الیکشن لیٹ کرواتا ہے اور پھر ابھی ہوئے الیکشن ،الیکشن اور الیکشن کرتے الیکشن سے دور نظر آتا ہے ۔آئین پاکستان کی جگ ہنسائی کا تو موجب بنتا ہی ہے اعلیٰ عدلیہ کو بھی مذاق بناتا ہے ۔معزز عدلیہ پر بوجھ بڑھاتا ہے اور کچھ کرنے کروانے کی پوزیشن میں بھی نہیں چھوڑتا ہے ۔ کبھی کوئی بہانہ کبھی کوئی عذر اور کبھی کوئی ڈرامہ ۔وطن عزیز بھی کیا کمال وطن ہے کہ ایسے ڈرامے روزدیکھتا ہے اور کمال ہمت رکھتا ہے کہ پھر بھی چلا آرہا ہے ۔ آئین پامال ، قانون پامال ، انسانی حقوق پامال، انسانیت پامال ،عزت و آبرو پامال، ملک و ملت کی عزت پامال کچھ بھی باقی نہیں ہے۔ پتہ نہیں کہ کیسے اور کس سہارے چلا آرہا ہے ۔ آئین و قانون پر کم ،نظریہ ضرورت پر زیادہ چل رہا ہے ،آئین چاہی کم او رمن چاہی پر زیادہ چل رہا ہے ۔اس صورتحال سے ہر ذی شعور پاکستانی پریشان اور تکلیف میں ہے اور انتہائی مضطرب نظر آتا ہے ۔ کیا عجیب بات ہے کہ پنجاب و خیبر پختونخواہ اسمبلیاں ٹوٹے اتنے دن ہوگئے اور ہم اس پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ ہی نہیں لے پارہے ہیں کہ وہ کیا بات ہے کہ جس کے سبب ہم اتنے مجبورہیں کہ ملک بھر میں سانحات پر سانحات کے موجب بنتے جارہے ہیں مگر ملک میں نئے الیکشن کروا کر حقیقی و پائیدار جمہوریت کی طرف آگے نہیں بڑھتے ہیں ۔ کیا بات ہے کہ ہماری ریاست اور عدلیہ الیکشن کروانے سے اتنی قاصر ہے کہ الیکشن کروانا محال نظر آتا ہے ۔ ہم اپنے ہی ہاتھوں ملکی آئین و قانون روند کر آخر ثابت کیا کرنا چاہتے ہیں ۔ کہیں ہم یہ تو باور نہیں کروا رہے کہ کچھ قوتیں آئین و قانون سے بالا تر ہیں اور آئین وقانون کی کوئی حیثیت نہیں ، سبھی کچھ وہی ہیں ۔خدارا عوام کو اس ہیجانی اور اضطرابی کیفیت سے نکال لیجئے اور ملک عزیز کو درپیش شدید ترین آئینی و قانونی بحران سے نکالیے،اسی میں ہماری بہتری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے