اداریہ کالم

آرمی چیف کامسئلہ کشمیرپردوٹوک موقف

آرمی چیف جو ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں نے امریکی حکام پر واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر جنونی ایشا کے امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ یہ گزشتہ 75سالوں سے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان حل طلب ہے اور اس کے پرامن حل کیلئے کوئی راہ نکالی جائے ، بصورت دیگر خطے میں بڑے نقصان کا ہونا ناممکن نہیں ، سپہ سالار نے امریکی حکام کو آگاہ کیا کہ پاکستان اس مسئلے کا پر امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے ، اسی حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر جو کہ امریکہ کے دورہ پر ہیں انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا،ہیڈکوارٹر پہنچنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آرمی چیف کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا ، آرمی چیف نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی،عالمی امن اور استحکام کے لیے سیکرٹری جنرل نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا،انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ امن مشنز میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا جو دنیا کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کی تصدیق کی جبکہ آرمی چیف کی جانب سے اقوام متحدہ کو تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔آرمی چیف نے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ غزہ میں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ غزہ میں مخاصمت کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرے تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک خواب رہے گا جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش نہیں کیا جاتا ۔آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے تحفظات کو تسلیم کیا اور جنرل عاصم منیر کا اقوام متحدہ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرکا امریکی دورہ کامیابی سے جاری،دورے میں آرمی چیف امریکی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ، اب تک آرمی چیف اپنے دورے میں سیکرٹری آف سٹیٹ، ڈیفنس سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری آف سٹیٹ، ڈپٹی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف اور اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے کامیاب ملاقاتیں شامل ہیں، آرمی چیف کے کامیاب دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا ،آرمی چیف کے دورے سے پاکستان کا اہم امور پر نکتہ نظر بھی موثر طریقے سے اجاگر ہو رہا ہے۔
دہشتگردی کیخلاف قوم کاعزم مضبوط
سانحہ اے پی ایس کو 9سال ہوچکے ہیں ، نوسال قبل ملک دشمن ظالم درندوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں گھس کر ننھے ، معصوم پھولوں اور ان کے اساتذہ کرام کو بے دردی کے ساتھ شہید کردیا تھا ، اسی حوالے سے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پشاورکے سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا۔سانحہ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر جاری پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ9برس پہلے آج کے دن دہشتگردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاورپربزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھرکی آنکھیں نم کردیں، آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں، دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روندکرقوم کاحوصلہ پست کرنےکی ناکام کوشش کی۔ آرمی پبلک اسکول پشاورکے سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی، پرنسپل شہید طاہرہ قاضی اور نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا، آج کا دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔ پاکستانی قوم دہشتگردی کی جنگ جیت چکی ہے، پاکستانی قوم نے دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیے، پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم، تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔
اسلام آباد میں دہشتگردی کاخطرہ،اداروں کوالرٹ جاری
اسلام آباد ملک کا وفاقی دارالحکومت اور سب سے پرمان شہر تسلیم کیا جاتا ہے ، ماضی میں کئی اس کے امن کو تہہ بالا کرنے کی کوشش کی جاتی رہی اور اس کے حوالے سے شہر کے مختلف حصوں میں دہشتگردی اور بم دھماکوں کے واقعات کرانے کی کوششیں کی گئیں جو اسلام آباد پولیس کی بہتر حکمت عملی کے باعث ناکام ہوگئی، اب سننے میں آرہا ہے کہ وفاقی دارلحکومت میں ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر تمام تھانوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ وفاقی دار لحکومت میں ممکنہ دہشتگردانہ حملوں ہونے کے باعث تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جبکہ مشکوک افراد کی تلاشی اور گاڑیوں کے کاغذات بھی چیک کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور اپلائیڈ فار گاڑی اور موٹر سائیکل کے ریڈ زون میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ کالے شیشے والی گاڑیوں کے بھی زیڈ زون میں داخلے پر پابندی ہو گی ۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کالے شیشوں کے جاری پرمٹ کینسل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ ریڈ زون کی حساس عمارتوں پر سنائپر تعینات کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
لاہورمیں مصنوعی بارش کاکامیاب تجربہ
بارش نہ ہونے کے باعث پورا ملک بیماریوں کے لپیٹ میں ہے ، لاہور سمیت پورا پنجاب سموگ کا شکار ہے جس کے باعث بخار ، گلے اور چھاتی کی بیماریاں عام ہوچکی ہیں ، چنانچہ اسی حوالے سے لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا ہے ، جس کا مقصد شہر کی فضا میں موجود اسموگ میں کمی لانا ہے۔اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں آج پہلی بار مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا گیا، پہلی فلائٹ میں فلیئرز فائر کیے گئے جو کہ شاہدرہ اور مرید کے کے قریب فائر کیے گئے، لاہور کے تقریبا 10 علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کے لیے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے شکر گزار ہیں، یو اے ای کی حکومت نے مصنوعی بارش کے لیے تمام معاملات دیکھے، یو اے ای کا خصوصی طیارہ دس روز قبل یہاں آچکا تھا، مجموعی طور پر یو اے ای کے دو جہاز آئے ہیں جس میں یو اے ای کی پوری ٹیم یہاں پر موجود تھی۔ اب لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس یقینی طور پر نیچے آئے گا، اب دیکھیں گے مصنوعی بارش کا کتنا اثر پڑتا ہے، کچھ چیزیں لانگ ٹرم ہیں اور کچھ شارٹ ٹرم، دونوں کو ٹرائی کیا، کل رات لاہور میں ایئر کوالٹی انڈکس زیادہ تھا اور پہلے نمبر پر تھا۔ اگر صحت کے لیے یہ ٹیکنالوجی ٹھیک نہیں ہوتی تو یہ ٹیکنالوجی کوئی بھی ملک استعمال نہیں کرتا مگر متحدہ عرب امارات اور امریکا میں بھی یہ ٹیکنالوجی استعمال ہورہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے