کالم

آرمی چیف کا خطاب اور بلوچستان کے حالات!

بلوچستان جوپاکستان کے تمام صوبوں میں رقبہ کے لحاظ سے نہ صرف بڑاہے بلکہ خطہ میں پاکستان کا یہ خوبصورت حصہ اپنی خوبصورتی ،تجارت اورخاص کر پاکستان چین اقتصادی راہداری کی بدولت پورے خطے میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔بلوچستان میں اِس وقت وزیر اعلیٰ سرفرازعلی بگٹی ہیں ۔سرفراز بگٹی کئی اہم عہدوں پرکام کرچکے ہیں جبکہ اِن کی سب سے بڑی خاصیت کرپشن کیخلاف اِن کے بہترین اقدامات ہیں جوانہوں نے مختلف عہدوں وزارتوں کے دوران انجام دیئے ۔ بلوچستان میں ہمیشہ سے دُشمن قوتوں اور خاص کرپاکستان کے ازلی دُشمن کی جانب سے حالات خراب کرنے کی گھناﺅنی سازشیں کی گئیں لیکن کلبھوشن یادیو جیسے دُشمن ایجنسیوں کے آلہ کاروں کی ہرسازش کوپاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج ، سیکیورٹی اداروں اور بلوچ عوام نے ہمیشہ ناکام بنایا۔حالیہ چند دہشتگردی کے واقعات میں بھی بھارت اور پاکستان کے ہمسائیہ ملک افغانستان کے ٹھوس شواہد اور ثبوت سامنے آئے ہیں ۔افغانستان جس کے باشندوں کی دہائیوں پاکستان نے مہمان نوازی کی بدلے میں آج یہ صلہ دے رہاہے کہ پاکستان کے دُشمن اور خارجیوں کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں اورپاکستان کیخلاف سازشیں اور دہشتگردی کی تمام ترپلاننگ افغانستان میں ہوتی ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کیلئے بحیثیت بڑے بھائی کا کرداراداکرتے ہوئے ہمیشہ افغان حکومت اور افغان عوام کے ہرکٹھن وقت میں ساتھ دیا ۔ گزشتہ دنوںآرمی چیف حافظ جنرل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑی خوبصورت اور حوصلہ افزاءگفتگو کی اور پاکستان کے دُشمنوں پرواضح کردیا کہ پاکستان کے بچے کُھچے دہشتگردوں اور بلوچستان میں شرپسند اور خارجیوں کوپاک افواج ،سیکیورٹی ادارے اورپاکستانی عوام مل کر قلع قمع کریں گے ۔ بلوچستان پاکستان کاجھومر ہے ۔پاک افواج آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں جہاں پاکستان کے دُشمن اور خارجیوں کا قلع قمع کررہی ہیں وہیں آرمی چیف وطن کی حفاظت کیلئے شہداءاور اِن کے لواحقین کی بھی بھرپورتحسین کررہے ہیں ۔اِسی طرح پاکستان کی حفاظت کیلئے جرات اور بہادری سے لڑنیوالے شیردِل جوانوں کے بھی حوصلے بلند کررہے ہیں۔گزشتہ روزراولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں مختلف آپریشنز کے دوران جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں سینئر فوجی حکام اور اعزازحاصل کرنے والے جوانوں اور افسروں کے خاندانوں نے شرکت کی ۔ آرمی چیف جنرل سیدحافظ عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران قوم کے لیے جرات و بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے افسروں اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔شہدا کے میڈلز ان کے اہلخانہ نے وصول کیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف حافظ جنرل سیدعاصم منیر نے کہا کہ شہداءاور غازی ہمارا فخر ہیں۔آج ہماری آزادی اور امن ملک کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے۔ مادر وطن کےلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جرات اور بہادری کے پیکر شہدا کے اہلخانہ کی ثابت قدمی اور عزم بھی قابل تحسین ہے۔ دہشتگردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ اسکے خاتمے کےلئے جاری آپریشنز کے دوران دہشتگردی کے خطرات اور کارروائیوں کو ناکام بنانے کےلئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی انتھک محنت، کوششیں اور غیرمتزلزل عزم قابل تعریف ہے۔قارئین کرام!بلوچستان کی ترقی کیلئے جہاں حکومت تندہی اورتیزترترقیاتی کام کررہی ہے وہیں سی پیک جیسا عظیم الشان منصوبہ بھی جلدنہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔بلوچستان میں چندشرپسندعناصر اوراِن کے آلہ کاروں کابھی خاتمہ کیاجارہاہے ۔مسلم لیگ ن کویہ اعزاز حاصل ہے کہ اپنے ہردورحکومت میں بلوچستان کی ترقی کیلئے خاص اقدامات کئے گئے ۔سی پیک منصوبہ بھی میاں محمد نوازشریف کی کاوشوں اور پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کا شاہکار ہے ۔سوشل میڈیا پر ایک سیاسی جماعت کی جانب سے بلوچستان کے بارے میں ہیجان برپاکرنے کی بھرپورکوشش کی گئی لیکن الحمداللہ آج بلوچستان میں نہ صرف ترقیاتی کام جاری ہیں بلکہ آنیوالے چند سالوں میں میگامنصوبوں سے بلوچ عوام بھرپور مستفید ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے