لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے، قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے مجرم کون ہیں، قوم کو انہیں معاف نہیں کرنا چاہیے۔پنجاب کے پارٹی عہدیداروں کے گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نے کہا کہ بعض نقصانات زندگی میں پورے ہوجاتے ہیں لیکن بعض کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا، پاکستان کی تاریخ میں اتنی تلخیاں نہیں آنی چاہیے تھیں، جتنی لائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے آج پاکستان کا یہ حشر کر دیا ہے، آج غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو اس حال تک کس نے پہنچایا ہے؟عوام روٹی کھائیں، بجلی کا بل ادا کریں یا دوائی خریدیں؟نواز شریف نے کہا کہ قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہمارے سامنے ہیں، ہمارا تو ایک منٹ میں احتساب ہوتا ہے، ملک وقوم کو اس حال کو پہنچانے والوں کا احتساب بھی ہوگا؟اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہمارے دور میں ملک ایٹمی قوت بنا، ملک کو جوہری قوت بنانے والے شخص کو جلا وطن کیا جاتا ہے، جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور دہشت گردی کی عدالت سے 27 سال کی سزا سنائی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں، اس کے پیچھے جنرل باجوہ اور جنرل فیض تھے، اور جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے آلہ کار ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ تھے۔نواز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مریم نواز شریف، حمزہ شہباز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے راہنمائوں اور کارکنوں نے بغیر کسی جرم کے جیلیں اور سختیاں بھگتیں، احسن اقبال ، رانا ثناءاللہ، حنیف عباسی سمیت ہمارے پارٹی راہنمائوں اور کارکنوں نے کسی جرم کے بغیر ہی ظلم برداشت کیے۔
خاص خبریں
اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نوازشریف
- by Daily Pakistan
- ستمبر 19, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 266 Views
- 1 سال ago