آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی فیڈرل کیپیٹل کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جناب فیصل زاہد ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں 2 اکتوبر کو پیش آنے والے واقعے پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کیا گیا۔ اس واقعے میں پولیس کی مداخلت کے نتیجے میں صحافی برادری کو افسوسناک صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ آزادیٔ صحافت اور صحافتی اداروں کا تقدس ہر حال میں برقرار رہنا چاہیے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ صحافیوں کو خوف زدہ کرنا یا ان کے خلاف طاقت کا استعمال آزادیٔ صحافت پر براہِ راست حملہ ہے، جو پاکستان کے آئین کے تحت مکمل طور پر محفوظ ہے۔
اے پی این ایس نے حکومتِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کروائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، اور آئندہ اس نوعیت کے واقعات کے تدارک کو یقینی بنائیں۔
بیان میں اے پی این ایس نے نیشنل پریس کلب اور صحافی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔