کالم

بہترین انتظامات پنجاب حکومت کی ذمہ داری

riaz-chuadary

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے رائیونڈعالمی تبلیغی اجتماع کی شوری کے ارکان سے ملاقات میںکہا کہ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے آنے والے شرکاءکو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اجتماع کے لئے آنےوالے افراد ہمارے معزز مہمان ہیں،ان کی کھلے دل سے مہمان نوازی کریں گے ۔ رائے ونڈ کا عالمی تبلیغی اجتماع حج بیت اللہ کے بعد مسلمانوں کا دوسرا بڑا اجتماع ہے جس میں لاکھوں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ ان لوگوں کے لئے بہترین انتظامات ہماری دینی اورمعاشرتی روایات کاحصہ ہے۔تبلیغی جماعت کے بانی حضرت مولانا محمد الیاسؒ نے توکل علیٰ اللہ پیدا کرنے پر ساری زندگی لگا دی۔ انہوں نے جب محسوس کیا کہ انسان صرف مساجد کی تقریروں اور خانقاہوں تک محدود رہ گیا ہے تو آپ نے انبیائے کرامؑ کے عمل کو آگے بڑھانے کےلئے تبلیغ کا سلسلہ شروع کیا۔ مولانا نے اس ترتیب کے ساتھ جماعت کا انعقاد کیا جس سے دین سینہ در سینہ ، فرد بہ فرد ہر ایک تک پہنچے۔مولانا محمد الیاسؒ نے ساری زندگی اسی مشن پر گزار دی، ان کی وفات کے بعد ان کے فرزند ارجمندمولانا محمد یوسف نے اس کام کو اس تیزی سے آگے بڑھایا کہ یہ پورے برصغیر میں پھیل گیا۔ حج سے واپسی پر مولانا محمد یوسفؒبذریعہ ٹرین رائے ونڈ سے گزرے تو فرمایا !میرا دل کہتا ہے کہ یہاں سے رشد و ہدایت کا چشمہ پھوٹے گا۔ انہوں نے رائے ونڈ کی ایک کچی سی مسجد کو اپنی دعوتی و تبلیغی سرگرمیوں کا مرکز بنا لیا۔ رائے ونڈ کے رہائشی ایک بزرگ میاں جی عبداللہ اس کے مالک تھے۔ جب انہوں نے تبلیغی درس سنے تو اس قدر متاثر ہوئے کہ ساری زمین مسجد کے نام کردی۔ پھر یہاں بہت بڑی مسجد بنائی گئی۔ جہاں 1949کو پہلا اجتماع ہوا ،جو چند ہزار نفوس پر مشتمل تھا ،آہستہ آہستہ اس میں اضافہ ہوتا گیا۔چند سال قبل اجتماع کو اسی جگہ دو حصوں میں بانٹ دیا گیا، نصف ملک کے افراد کو ایک اور نصف کو دوسرے مرحلے میں بانٹ دیا گیا۔ اب یہ اجتماع دس روز جاری رہتا ہے، پہلے مرحلے کے تین دنوں کے بعد چار دن کا وقفہ ہوتا ہے، پھر دوسرا مرحلہ بھی تین روز کا ہوتا ہے۔ یہ امر قابل ستائش ہے کہ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے شاندار انتظامات کئے جائیں ۔ عالمی تبلیغی اجتماع سے قبل علاقے کی سڑکو ں کی تعمیر ومرمت کاکام مکمل کر لیاجائے جبکہ اجتماع کیلئے ریسکیو 1122 کا مکمل سنٹر فعال اور پٹرو لنگ پوسٹیں بھی قائم کر نے کا بھی حکم دیا۔ حکومت پنجا ب نے فکر اقبالؒ کو فروغ دینے کے لیے رواں سال کو اقبالؒ کا سال منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔علامہ اقبالؒ کے حوالے سے سارا سال تقریبات کا انعقاد دراصل نوجوان نسل کیلئے اپنے فکر و عمل کو درست سمت پر ڈالنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کے زیر قیادت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو صوبے بھر میں علامہ اقبالؒ سے متعلق تقریبات کاانعقاد کرے گی۔ راقم الحروف کو کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کمیٹی میں چار دوسرے سیکرٹریز ، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، سکولز لائبریری اور آرکائیو سیکرٹری شامل ہیں۔ کمیٹی صوبے بھر میں اقبالؒ پر کوئز پروگرام، سیمینار اور مباحثے وغیرہ کرائے گی ۔ حکیم الامت ، شاعر مشرق ،مفکر و مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ ایک سچے عاشق رسول تھے اور آپ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔اقبالؒ کی شاعری کا محور خودی ہے اور مخاطب نوجوان مسلم ہیں۔آج امت مسلمہ کی بے بسی پر اقبالؒ کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی۔ کیونکہ امت مسلمہ ٹکڑوں میں بٹ کر بے بسی کی تصویر بن چکی ہے ۔ علامہ اقبالؒ نوجوانوں میں شاہین جیسی خصوصیات دیکھنا چاہتے تھے۔نئی نسل کو آپ کے افکار سے روشناس کرانا اساتذہ اور والدین کا فرض ہے۔اتحاد عالم اسلامی کی جتنی آج ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔فکر اقبالؒ ہمیں عاشق رسول دیکھنا چاہتا ہے، فکر اقبالؒ نوجوانوں کو خود اعتمادی، جہد مسلسل اور غیرت مندی سے جینے کی دعوت دیتا ہے۔فکر اقبالؒ پاکستانی قوم اور حکمرانوں کیلئے کامیابی کا زینہ ہے۔پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے انقلابی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ شفافیت ، اعلیٰ معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ وزیراعلیٰ پنجا ب صوبہ بھر میں عوامی فلاح کے منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادار وں سے رابطے میں ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے نجی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ ملک، عوام اور غریب آدمی کی بہتری ، فلاح و بہبود کےلئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں اور کر بھی رہے ہیں۔ ہمارے منصوبے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔ میرا ہر عمل غریب عوام اور ان کے بچوں کی بہتری کےلئے ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے