انٹرٹینمنٹ پاکستان خاص خبریں

تحریک آزادی کے رھنما خان عبدالغفار خان ،باچا خان کی 35 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

تحریک آزادی کے رھنما خان عبدالغفار خان ،باچا خان کی 35 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

تحریک آزادی کے رھنما خان عبدالغفار خان یا باچا خان کی 35 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے وہ پشتونوں کے سیاسی راہنما کے طور پر مشہور شخصیت ہیں، جنہوں نے برطانوی دور میں عدم تشدد کے فلسفے کا پرچار کیا۔ خان عبد الغفار خان زندگی بھر عدم تشدد کے حامی رہے اور مہاتما گاندھی کے بڑے مداحوں میں سے ایک تھے۔ آپ کے مداحوں میں آپ کو باچا خان اور سرحدی گاندھی کے طور پر پکارا جاتا ہے۔خان عبدالغفار خان محمد زئی قبیلے کے پختونوں میں سے ہیں۔ وہ اتمان زئی گاؤں میں 1890ء میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد ایڈورڈ مشن ہائی اسکول پشاور میں تعلیم حاصل کی۔ ان کے والد بہرام خان خوانین اور زمین دار طبقے سے تعلق رکھتے تھے۔ انہیں انگریز افسروں میں عزت اور رسوخ حاصل تھا۔ مقامی طور پر نہ پڑھ سکنے کے سبب خان عبدالغفار خان کو ان کے والد نے ولایت بھیجنا چاہا مگر ماں کی مامتا نے باہر نہ جانے دیا۔ آپ 1919ء میں رولٹ ایکٹ کے خلاف تحریک میں حصہ لینے کے ذریعے سیاست میں داخل ہوئے اور 6 ماہ قید کاٹی۔ 1920ء میں ہجرت تحریک میں شریک ہوکر افغانستان گئے مگر تحریک ناکام ہونے کے سبب واپس آگئے14 اگست 1947ء کو تقسیم عمل میں آئی۔ غفار خان نے تقسیم کے مخالف ہونے کے باوجود کانگریس کے فیصلے کو تسلیم کیا۔ اس کے بعد جب فرقہ وارانہ فسادات ہوئے، تو مسلم لیگ نے ڈاکٹر خان صاحب کی وزارت کو بر طرف کرکے خان عبدالقیوم خان کو وزارت سونپ دی، جنھوں نے “بابڑا” میں سرخ پوشوں پر فائرنگ کروائی جس میں سیکڑوں پختون شہید ہوئے۔آپ جنرل ایوب خان، آغا یحییٰ خان اور بھٹو کے دورِ حکومت تک اپنی مرضی سے افغانستان میں مقیم رہے اور بعد میں پختونوں کے ایک جرگے کی جلوس کی شکل میں 1972ء میں اپنے مادر وطن پر قدم رکھا۔ آپ پہلے اپنے خاندان کے افراد کے دباؤ پر برطانوی فوج میں شامل ہوئے، لیکن ایک برطانوی افسر کے پشتونوں کے ساتھ ناروا رویے اور نسل پرستی کی وجہ سے فوج کی نوکری چھوڑ دی۔ بعد میں انگلستان میں تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ اپنی والدہ کے کہنے پر موخر کیا۔ برطانوی راج کے خلاف کئی بار جب تحاریک کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تو خان عبد الغفار خان نے عمرانی تحریک چلانے اور پختون قبائل میں اصلاحات کو اپنا مقصد حیات بنا لیا۔ اس سوچ نے انھیں جنوبی ایشیاء کی ایک نہایت قابل ذکر تحریک خدائی خدمتگار تحریک شروع کرنے پر مجبور کیا۔ اس تحریک کی کامیابی نے انھیں اور ان کے ساتھیوں کو کئی بار تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پابند سلاسل کیا گیا۔ 1920ء کے اواخر میں بدترین ہوتے حالات میں انھوں نے مہاتما گاندھی اور انڈین نیشنل کانگریس کے ساتھ الحاق کر دیا، جو اس وقت عدم تشدد کی سب سے بڑی حامی جماعت تصور کی جاتی تھی۔ یہ الحاق 1947ء میں آزادی تک قائم رہا۔ جنوبی ایشیا کی آزادی کے بعد خان عبد الغفار خان کو امن کے نوبل انعام کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ 1960ء اور 1970ء کا درمیانی عرصہ خان عبد الغفار خان نے جیلوں اور جلاوطنی میں گزارا۔ 1987ء میں آپ پہلے شخص تھے جن کو بھارتی شہری نہ ہونے کے باوجود “بھارت رتنا ایوارڈ“ سے نوازا گیا جو سب سے عظیم بھارتی سول ایوارڈ ہے۔ 4 جولائی 1987ء کو انڈیا کے دورہ کے دوران دہلی میں اچانک غفار خان پر فالج کا حملہ ہوا اور وہ 50 روز سکرات کی کیفیت سے دوچار رہنے کے بعد پاکستان واپس لائے گئے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں ستانوے برس کی عمر میں 20 جنوری 1988ء کو اس عظیم قوم پرست راہنما نے داعیٔ اجل کو لبیک کہا اور آپ کو وصیت کے مطابق جلال آباد افغانستان میں دفن کیا گیا۔ افغانستان میں اس وقت گھمسان کی جنگ جاری تھی لیکن آپ کی تدفین کے موقع پر دونوں اطراف سے جنگ بندی کا فیصلہ آپ کی شخصیت کے علاقائی اثر رسوخ کو ظاہر کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے