ترکیہ پاکستان کا نہایت قریبی برادر دوست ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے مراسم قیام پاکستان سے پہلے کے چلے آرہے ہیں ، تحریک خلافت کے دوران برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے جس طرح اپنے ترک بھائیوں کی تائید اور حمایت کی وہ تاریخ میں سنہرے حروف کے ساتھ لکھا جا چکا ہے ، قیام پاکستان کے بعد ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کئے جانے کی ایک الگ تاریخ رقم کی ، اس طرح علاقائی تعاون کے لئے 60کی دہائی میں آر سی ڈی کے نام سے ایک تنظیم قائم کی گئی جس میں پاکستان ، ایران اور ترکیہ شامل تھے اور اس کے ذریعے اقتصادی تعاون کے بہت سارے منصوبے مکمل کئے گئے ، اس کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک کو بذریعہ سڑک زمینی راستے سے آپس میں جوڑا گیا ، اعلیٰ تعلیم کے لئے ترکیہ نے پاکستانی سٹوڈنٹس کو سکالر شپ فراہم کی ، گزشتہ روز ترک عوام نے اپنا یوم جمہوریہ منایا ، اس حوالے سے نہ صرف ترکیہ بلکہ دنیا بھر میں موجود اس کے سفارتخانوں میں اس حوالے سے تقاریب منعقد کی گئی ، اسی پس منظر میں پاکستان میں موجود سفارتخانے نے بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں اسلام آباد میں موجود سفارتی حلقوں اور معززین شہر کی بھاری تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نے اپنے مختصر خطاب میں بتایا کہ جمہوریہ ترکیہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے مذہبی رشتے ہیں اور دوستی کے عظیم بندھن میں جکڑے ہوئے ہیں ، پاکستان کو پہنچنے والی تکلیف کو ترکیہ کی عوام اپنی تکلیف محسوس کرتے ہیں ، اس اہم دن کے مناسبت سے نگران وزیر اعظم نے اپنے ترک عوام کے نام ایک تہنیتی پیغام میں کہا کہ حکومت نے ترکیہ کے ساتھ اشیا کی تجارت کے معاہدے اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک پر دستخط سمیت اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ گہری اقتصادی شراکت داری اور مضبوط رابطے آنےوالے برسوں میں دوطرفہ تعلقات آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا ۔ اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون اور تذویراتی اقتصادی فریم ورک سمیت ادارہ جاتی طریقہ کارکے تحت دفاع، صحت، تعلیم، زراعت، سیاحت، ثقافت اوراقتصادی شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گزشتہ ایک سو سال کے دوران خصوصاصدر رجب طیب اردگان کی متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار ترقی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جمہوریہ ترکیہ کی دوسری صدی کے آغاز پر ترکیہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ، خدا کرے کہ دونوں اقوام کے مابین یہ محبت و احترام کا منفرد رشتہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے۔ترکیہ نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور زلزلہ کے موقع پر جس محبت ،خلوص اور ہمدردی اور مالی امداد کا مظاہرہ کیا ، پاکستانی قوم اسے کبھی بھی فراموش نہیں کر پائے گی ، تاریخی موقع پر ترکیہ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کیخلاف ایک اور آپریشن
دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران چھپے ہوئے دہشتگردوں کی تلاش کے لئے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری ہیں جس میں جہاں دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا جاتا ہے وہی ہمارے بہادر جوان بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ، اسی ایک آپریشن میں جو بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے کھوڑو میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ہشت گرد ہلاک اور دو اہلکار شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آواران میں سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، ۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس اپریشن جا ری ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں ۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
خودساختہ مہنگائی کا سلسلہ جاری
پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے خوردنی میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ تاجر مافیا کی جانب سے یہ مہنگائی خودساختہ ہے اور ناجائز منافع کمانے کی لالچ نے ان کے آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے اور و ہ قیمتیں جان بوجھ کر کم نہیں کررہے ، وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی جس کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے بائی حکومتوں و ضلعی انتظامیہ کو اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے احکامات جاری کیے گئے۔ لیکن جڑواں شہروں میں مہنگائی کی لہر برقرار ہے۔ اتوار و سہولت بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے خورد نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ اتوار بازاروں میں خریدار اشیا معیاری نہ ہونے کی شکایات کرتے نظر آتے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں آلو 90 سے 116 روپے کلو ، پیاز 85 سے 120 ،ٹماٹر 114 سے 160روپے فی کلو، لہسن کوئٹہ 415سے 540روپے فی کلو، لسن دیسی265سے لیکر300فی کلو میں دستیاب ہے۔ ادرک تھائی لینڈ 560روپے فی کلو سے 670 روپے ، شلجم 76سے 90روپے ، جبکہ اروی 125سے 150،مرچ 110 روپے ۔ شملہ مرچ 170 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ لیموں 90روپے فی کلو اور بینگن1سو سے 110 روپے فی کلو ،کریلا 84 روپے سے96 روپے ، اورتوری85 سے 120روپے میں دستیاب ہے،ٹینڈا 135 روپے فی کلو سے157اور کھیرا 60 سے 70روپے کلو ،پھول گوبھی 60 سے 70روپے ، بند گوبھی 95، پالک کی گڈی 36 سے 50 روپے اور لوکی 90 روپے کلو ہے۔ فروٹ میں کیلا 95 روپے فی درجن سے 125روپے درجن ،انگور 290روپے سے 350روپے فی کلو ، سیب 260 سے 350 ، گولڈن سیب 165 سے 2 سو روپے کلو میں ہے ۔ انار 2 سو روپے سے 350 روپے کلو ، امرود ڈیڑھ سے 2 سو روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے ۔ زندہ مرغی 345 روپے فی کلو جبکہ فی کلو گوشت 580 سے 620 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ انڈہ شیور 330 روپے درجن سے 370روپے درجن تک فروخت کیا جارہا ہے۔ دال چنا 280 روپے ، دال ماش 580، مونگ 320، مسور 400، سفید چنا 480،کالا چنا 300، چینی 170روپے فی کلو ہے۔ کوکنگ آئل 540سے لیکر 570روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہسپتالوں کے اچانک دورے
پنجاب میں غریب عوام کو صحت کی اعلیٰ سہولتیں فراہم کرنے کےلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کے دورے جاری ہیں ، اسی حوالے سے گزشتہ روز انہوں نے چلڈرن ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیڈز، فرنیچر اور دیگر اشیا باہر رکھی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔دورے کے د دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دونوں ہسپتالوں میں اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے تعمیراتی کام کے دوران بیڈز، آلات، فرنیچر اور دیگر اشیا باہر پڑی دیکھ کر انتظامیہ کی سرزنش کی۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران اشیا کی حفاظت کیلئے کوئی انتظام نہ کرنا غفلت ہے، کئی روز سے کام جاری ہونے کے باوجود اتاری گئی اشیا کو محفوظ نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں، اتاری گئی اشیا کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور مناسب جگہ پر محفوظ رکھی جائیں۔نگران وزیر اعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اور او پی ڈی بلاک کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا، جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ ہر فلور پر گئے، ماڈل روم کا معائنہ کیا اور ڈینٹل بلاک کے ڈیزائن پر نظر ثانی کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں بیڈز کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
اداریہ
کالم
ترکیہ کا 100واں یوم جمہوریہ
- by web desk
- اکتوبر 31, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 312 Views
- 1 سال ago