لاہور: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر گرینیڈ سے حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گارڈن ٹاؤن میں سابق چیف جسٹس کے گھر پر گرینیڈ سے حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے حملے کی ایف آئی آر کانسٹیبل سجاد حسین کی مدعیت میں درج کرلی ، جس میں دہشت گردی کی دفعات سیون اے ٹی اے ۔353.427.186.1سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق حملے کے نتیجے میں 3 افراد کانسٹیبل عامر علی ، خرم شہزاد اور سجاد حسین زخمی ہوگئے تھے ۔ حملے سے 2 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے ۔ گرینیڈ گیراج اور صحن کے درمیان کھڑی گاڑی پر پھینکا گیا،جس کے نتیجے میں گھر میں گاڑی اے ایف ٹی 567اور ہنڈائی اے ڈبل ایل 079کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی ۔ دونوں حملہ آور موٹر سائیکل پر دستی بم پھینک کر فرارہوئے ۔ حملہ آوروں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں ۔ مبینہ حملہ آور حملے کے بعد مرکزی شاہراہ کی جانب روانہ ہوئے۔ نادرا کی مدد سے دونوں حملہ آوروں کے چہروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ موٹر سائیکل کے نمبر سے بھی دہشتگردوں کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس اس واقعے کی تفتیش بھی کر رہی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ شواہد کی روشنی میں ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پاکستان
سابق چیف جسٹس کے گھر پر گرینیڈ سے حملہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج
- by Daily Pakistan
- دسمبر 22, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 389 Views
- 1 سال ago