کالم

سب سے پہلے پاکستان

بحیثیت قوم ہمیں اپنے وطن ،اپنے ملک پر نہ صرف فخر ہونا چاہیے بلکہ جوقربانیاں ہمارے پرکھوں نے پاکستان کیلئے دیں اورپاکستان کی بنیادوں میں جن شہداءکا خون شامل ہے کامان سمان رکھتے ہوئے ہمیں پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔قومیں انقلاب لے کر آتی ہیں اور یقینا 47ءکو ہندوستان کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن حاصل کرکے ثابت کیا کہ” فتح بالقین ہیں ہم لوگ“۔ گزشتہ دِنوں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت کیساتھ ساتھ پورے ملک میں کرسمس کی تقاریب انتہائی خوبصورتی اور مذہبی ہم آہنگی سے لبریز اختتام پذیر ہوئیں۔گزشتہ روز وزیر اعظم ہاﺅس میں کرسمس کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم اسلامی جمہوریہ شہبازشریف تھے ۔تقریب کے آغاز میں بشپ جوزف اشرف نے کرسمس کا پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ مسیحی بچوں نے کرسمس کے خوبصورت نغمے پیش کئے۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ امن کے داعی تھے جن کا قرآن پاک میں واضح ذکر ہے اور وہ اللہ کے پیغمبر ہیں، آج بدقسمتی سے حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش پر معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے، ہم نے اس دن کی مناسبت سے پوری دنیا میں جہاں بھی عیسائی بستے ہیں مل کر فلسطین میں اس خون کی ہولی کو ختم کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا ہے۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف چاہے عالمی پلیٹ فارم ہویاکوئی بھی اہم تقریب نہ صرف مظلوم کشمیریوں ، فلسطین سمیت مظلوم اقوام پر ہونیوالے مظالم کیخلاف بھرپور آواز اٹھاتے ہیں ۔کرسمس کی تقریب سے بھی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ امن کے داعی تھے، ان کے مشن کے فروغ کےلئے فلسطین میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری امن اور سکون سے رہ رہی ہے، ان کی قیام پاکستان اور اس کے بعد تکمیل پاکستان میں آج تک نمایاں خدمات ہیں، تعلیم اور صحت کے میدان، سرکاری اور دفاع وطن کےلئے ان کی خدمات، 1965 اور 1971 کی جنگ سمیت پاکستان کےلئے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم نے مل کر امن، ترقی کے سفر کو فروغ دینے کا عزم کرنا ہے، تفریق در تفریق کا خاتمہ کرنا ہے، اپنے اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر برداشت اور تحمل سے کام لینا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنے کا عزم کرنا ہے، ان کے ساتھ محبت اور شفقت سے پیش آنا ہے تاکہ وہ اپنے آپ کو پاکستان کا باوقار شہری سمجھیں۔ پاکستان کی ترقی کے حوالے سے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، آج کے دن اس پیغام کو ہر جگہ پھیلانا چاہئے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب کو مل کر قائد کے پاکستان کو عظیم تر بنانا ہے۔ آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا بھی یوم پیدائش ہے، اس وجہ سے بھی اس دن کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کا اقلیتوں کے حوالے سے یہ بیان ہمارے لئے مشعل راہ ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، یہ پاکستان کے برابر کے قابل فخر شہری ہیں، ان کی فلاح اور ترقی ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نقطہ ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو یقین دلایا کہ آپ کا تحفظ بہبود، خوشحالی اور ترقی ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے شرکاءکیساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا اور بچوں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔قارئین کرام!یہ ملک ،یہ وطن ،خطہ فردوس بریں ، نور کا مسکن،امن کا آشیاں پیاراپاکستان ہم سب کی پہچان اور ملک ہے اس کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہم سب کو بلاتفریق کردار اداکرنا ہوگا ۔ خصوصاًوطن عزیز پاکستان کا درخشاں مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے مضبوط معیشت کیلئے جہاں حکومت اور ہمارے ملک کی حفاظت کیلئے پاک افواج کام کررہی ہیں ایسے ہی وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے نوجوانوں کووطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے مثبت کرداراداکرنے کی ضرورت ہے اِسی طرح بحثیت قوم ہرفرد کو چاہیے کہ وُہ کسی بھی شعبہ سے منسلک ہے،چاہے کسی بھی مسلک سے ہے آج پاکستان کیلئے دِن رات اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔انشااللہ وُہ وقت دور نہیں جب یہ سرسبز ہلالی پرچم ایشین ٹائیگر اورمعاشی حب بن کر اُبھرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے