Warning: Trying to access array offset on value of type bool in /home/u603852927/domains/dailypakistan.pk/public_html/wp-content/themes/neeon/functions.php on line 81
علاقائی

سوات، ایبٹ آباد، چترال اور مری میں شدید برفباری، کئی مقامات پر راستے بند

ایبٹ آباد، مری اور شمالی علاقہ جات میں پہاڑوں پر شدید برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، نتھیاگلی میں 2 انچ، کالام میں 6 انچ، مالم جبہ میں 2 انچ اور گلیات میں ایک سے ڈیڑھ انچ تک برف پڑ چکی ہے جبکہ ایبٹ آباد میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

اورکزئی اور وزیرستان کی طرح خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم کا صدر مقام پارا چنار برف باری کے حسین مناظر اور ہر طرف برف ہی برف کے خوبصورت نظاروں کے بعد مزید نکھر گیا ہے۔ برفباری کے بعد نوجوان خصوصاً سیاح میکے زیڑان، شلوزان، تری منگل، پاڑہ چمکنی اور دیگر سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں اور دلکش نظاروں کو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کر رہے ہیں۔

ادھر برفباری کے باعث مری جانے والی سڑک مختلف مقامات پر بند کردی گئی ہے جبکہ اسکردو میں ضلع کھرمنگ، شگر اور گانچھے میں برفباری کے بعد راستے بند ہو چکے ہیں۔ برفباری شروع ہوتے ہی نوجوان طبقہ سیاحتی مقامات کا رخ کرکے فرصت کے لمحات برف سے ڈھکے حسین وادیوں میں گزارنے پہنچ گیا ہے، قبائلی باشندوں کا کہنا ہے کہ بہت مزہ آرہا ہے کیونکہ کافی عرصے بعد برف کو دیکھ رہے ہیں۔

مزید بر آں بالائی علاقوں کی سیر کو گئے شہریوں نے بھی حکومت سے پاراچنار کے سیاحتی مقامات پر توجہ دینے اور اس کی خوبصورتی کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر سیاحتی مقامات کی طرح اگر پاراچنار کے سیاحتی مقامات پر بھی توجہ دی جائے تو نہ صرف سیاحوں کے لیے سہولت ہوگی بلکہ یہ سیاحتی مقام ملک کے لیے زر مبادلہ کمانے کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے