لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں۔صدر پی ایم ایل ( این ) نے ان خیالات کا اظہار پارٹی رہنماؤں اور سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں میں کیا، سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نواز شریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لیے یہ الیکشن بہت اہم ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کیے گئے۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، بیرسٹر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور صوبہ سندھ میں تنظیمی امور پر مشاورت ہوئی اور سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا، ملاقات میں اجلاس میں ایم کیو ایم سے ہونے والی گفت و شنید کا جائزہ لیا گیا۔شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق نے بھی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، سید باسط بخاری، میاں عمران قریشی کی بھی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔رہنمائوں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں سے پارٹی صدر کو آگاہ کیا، شہباز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لیے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا۔ملاقاتوں میں پارٹی رہنمائوں نے مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارک باد بھی پیش کی۔
خاص خبریں
سیاسی انتقام ہارگیا،اب مہنگائی اورمعاشی بدحالی کوشکست دینی ہے،شہبازشریف
- by Daily Pakistan
- دسمبر 4, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 562 Views
- 1 سال ago