مئی کا مہینہ سید ضمیر جعفری کی یادوں سے معمور مہینہ ہے ۔اس مہینے کے وسط میں چک عبدالخالق کا فرزند اپنے خالق حقیقی کے حضور پیش ہو گیا تھا۔سید ضمیر جعفری نے جدوجہد ، محنت ، کمال فن ، اعتراف عظمت اور تکریم اجتماعی سے بھرپور زندگی گزاری۔ اب تو وہ اللہ میاں کے پاس ہیں۔جہاں نہ مکان کا کرایہ دینا پڑتا ہے ،نہ بجلی ،گیس اور پانی کے بل ادا کرنے پڑتے ہیں ۔یقینا اللہ میاں کے ہاں رہنے سہنے کا بہت اچھا انتظام ہوتا ہو گا۔ لیکن تب وہ سیکٹر جی نائن ون کی گلی نمبر 33 کے مکان نمبر 23 میں رہتے تھے۔ مکان کے باہر یعنی گیٹ کے ستون پر جلی حروف میں کاشانہ بلبل لکھا ہوا تھا .یہ مکان برطانیہ میں مقیم معروف شاعر بلبل کاشمیری کا تھا،اور سید ضمیر جعفری اس میں رہتے تھے۔ایک بار مجھے رخصت کرنے اپنے مکان کے گیٹ تک آئے،اور دیر تک کھڑے باتیں کرتے رہے ،پھر اچانک کاشانہ بلبل پر نظر پڑی،پہلے مسکرائے ،پھر کھلکھلا کر ہنس پڑے اور زوردار ہنسی کے ساتھ ہلتے ہوئے کہنے لگے دیکھو یہ دیکھو کاشانہ بلبل میں ہاتھی رہتا ہے ۔
سید ضمیر جعفری سے میری پہلی ملاقات اور تعارف بھی اسی سیکٹر جی نائن ون میں ہوا تھا۔ میں ان دنوں علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اقبالیات میں لیکچرار تھا، اور اسی سیکٹر میں رہائش پذیر تھا ۔سید ضمیر جعفری ان دنوں سیکٹر جی نائن ون میں رہائش پذیر تھے، اور میرے ہمسائے تھے ، وہ ہر روز ، علی الصبح پھولدار گاو¿ن پہن کر گھر کے سامنے سڑک پر واک کیا کرتے تھے ۔میں صبح ساڑھے سات پونے آٹھ بجے یونیورسٹی جانے کے لیے گھر سے نکلتا تھا سڑک کے کونے پر یونیورسٹی کی کوسٹر آیا کرتی تھی ۔بس اسی سڑک پر پہلی بار سید ضمیر جعفری صاحب سے ملتے جلتے ایک حضرت محو خرام نظر آئے ،گمان گزرا کہ کہیں دیکھے ہوئے ہیں، کوئی معروف شخصیت ہیں ؟ کون ہیں؟ اگلی صبح جب واک کرتے ہوئے پاس سے گزرے تو میں نے سلام کر کے پوچھا کہ حضور کہیں آپ سید ضمیر جعفری صاحب تو نہیں؟ حیران ہوئے، پھر اثبات میں سر ہلاتے ہوئے ہنسنے لگے ، آپ نے پہچاننے میں دو دن لگا دیئے ،ہاہاہاہا۔پھر میں نے اپنا تعارف کرایا۔کہنے لگے یہ صبح صبح کہاں جاتے ہو؟ کہا کہ یونیورسٹی جاتا ہوں ۔مگر یونیورسٹی تو کئی روز سے بند پڑی ہے (ان کا اشارا قائد اعظم یونیورسٹی کی طرف تھا جو ان دنوں بھی کسی قضیے کی وجہ سے بند تھی)۔میں نے وضاحت کی کہ میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں پڑھاتا ہوں جو ہر حالت میں اوپن رہتی ہے۔سید ضمیر جعفری اکادمی ادبیات پاکستان کےساتھ وابستہ تھے ۔ان دنوں اکادمی ادبیات پاکستان کا دفتر سیکٹر ایف ایٹ فور کے اسکول روڈ پر، مکان نمبر 35 میں ہوا کرتا تھا۔مکان اتنا بڑا ضرور تھا کہ اس میں ایک نوزائیدہ ادارے کے دفاتر جملہ اہل کاروں سمیت سما سکیں۔ہماری یونیورسٹی البتہ اس وقت بھی سیکٹر ایچ ایٹ میں ہوا کرتی تھی۔ان دنوں یونیورسٹی صرف چار بلاکس پر مشتمل تھی اور ہمارا شعبہ دوسرے بلاک کی پہلی منزل پر ہوتا تھا۔
سید ضمیر جعفری ڈائری بڑے اہتمام سے لکھتے تھے۔کبھی تھوڑا ،کبھی زیادہ لیکن ہر روز لکھتے ضرور تھے۔اشعار لکھنے کےلئے بڑے سائز کے رجسٹر اپنے پاس رکھتے،گتے کی جلد والے رجسٹر میں نیلے یا کالے رنگ کے باریک چونچ والے مارکر سے لکھتے۔ لکھتے ذرا جلی حروف میں تھے ،اس طرح لکھنے اور پڑھنے دونوں میں آسانی رہتی تھی۔ایک بار میں انکے کاشانہ بلبل والے گھر کے ڈراینگ روم میں بیٹھا تھا۔حضرت حکومت وقت کے چال چلن سے خوش نہیں تھے۔اور اسی حوالے سے گفتگو بھی ہو رہی تھی ۔ڈراینگ روم کا گھر کے اندر کی طرف کھلنے والا دروازہ پورا کھلا ہوا تھا۔اچانک ایک بزرگ خاتون سامنے آئیں اور ضمیر جعفری صاحب سے کچھ بات کی ۔یہ اٹھ کر بات سننے کے لیے اندر چلے گئے اور وہیں کھڑے کھڑے باتیں کر کے واپس آگئے ۔میں نے پوچھا خیریت؟
"ہاں خیریت””آپ کی بیگم ہیں؟”
"ہاں ہیں تو ، پر اس عمر میں بیگم بہن بن جاتی ہے۔””کچھ ناراض لگتی ہیں”
"او ہاں،اور کیا ہوں گی اب۔ناراض ہی ہوں گی ۔بس کیا ہے، آسیب کی طرح پھرتی رہتی ہیں گھر میں ،اور میں بھی بھوت بن کر یہاں بیٹھا رہتا ہوں "۔ہم ہنس پڑے۔ضمیر جعفری یک دم سنجیدہ ہو گئے ۔اس عمر کی رفاقت سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔ میاں بیوی جوانی میں تو شاید ایک دوسرے کے بغیر رہ سکتے ہوں،بڑھاپے میں ایک دوسرے کے بغیر جی نہیں سکتے۔پھر تھوڑا توقف کر کے بولے،اس عمر میں دونوں کو ایک دوسرے کی بڑی ضرورت ہوتی ہے۔پھر بات بدلنے کے لیے پوچھنے لگے "تم سنا و¿تمہاری بیگم کیسی ہیں؟ میں نے جواب دیا۔ وہی ہیں،خوب ہنسے اور کہنے لگے "اچھا اچھا ،بس اسی سے گزارا کرو”
(……..جاری ہے)
کالم
سید ضمیر جعفری ،چند یادیں
- by web desk
- مئی 16, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 210 Views
- 6 مہینے ago

