(گزشتہ سے پیوستہ)
اوطاق ہماری یونیورسٹی کا ایک ادبی فورم تھا۔بڑی دھوم دھام سے شروع کیا گیا یہ فورم واقعتا اسلام آباد کی نیم خوابیدہ زندگی میں ایک ہلچل کی طرح سے تھا۔ایک روز وائس چانسلر ڈاکٹر جی اے الانا کہنے لگے کہ بھئی کسی بہت بڑی ادبی شخصیت کےساتھ پروگرام کرو۔
سید ضمیر جعفری تب میرے ہمسائے تھے، شخصیت ان کی معروف بھی تھی اور واقعتا بہت بڑی بھی ۔ان کا نام تجویز ہوا ،منظور ہوا ، ان سے درخواست کی گئی وہ از راہ کرم مان گئے۔پروگرام بن گیا ،کارڈ چھپ گئے۔پورے شہر میں ضمیر جعفری اوطاق میں ،عنوان کی اس تقریب کی دھوم تھی۔ اس سے پہلے اوطاق کے پروگرام یونیورسٹی کے کمیٹی روم،یا ایف سیون میں واقع یونیورسٹی کے گیسٹ ہاو¿س کے ہال میں ہوتے تھے ۔پہلی بار ہم نے یہ تقریب یونیورسٹی آڈیٹوریم میں رکھی ۔جعفری صاحب کے لیے یہ معمول کی بات تھی ،لیکن میں بڑا پرجوش تھا۔تقریبا ہر روز ان سے یوم ضمیر جعفری کے بارے میں گفتگو ہوتی۔اس تقریب کے انعقاد میں صرف دو روز باقی تھے کہ اس وقت یونیورسٹی کی رجسٹرار محترمہ مسز مظفری قریشی وفات پا گئیں،اور تقریب التوا کا شکار ہو گئی۔راولپنڈی اسلام آباد سے سید ضمیر جعفری کا رشتہ بڑا گہرا تھا۔لیکن حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ اسلام آباد شہر کے ابتدائی آباد کاروں’میں شامل باکمال شاعر کے نام پر اس شہر کی کوئی ایک سڑک بھی منسوب نہیں کی گئی ۔نام لینا مناسب نہیں ،لیکن اس شہر میں بڑی بڑی سڑکیں بعض ایسے ادبا و شعرا کے نام سے منسوب کی گئی ہیں ،جن کا کوئی معقول جواز نظر نہیں آتا ۔بس اگر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے خفتہ دماغ پیشہ ور ماہرین کے مخمور ذہن میں آج تک کوئی نام نہیں آیا تو وہ اردو کے نامور مزاح نگار، کالم نگار اور ترانہ نویس سید ضمیر جعفری کا نام ہے ۔اب بھی وقت ہے کہ سیکٹر جی نائن ون کے کسی بڑے راستے کو سید ضمیر جعفری روڈ بنا دیا جائے۔ سید ضمیر جعفری مہربان طبیعت اور صاف نیت کے سیر چشم دانشور تھے۔کسی کی بھی مدد کرنے کےلئے ہمہ وقت آمادہ و تیار رہتے تھے۔ ایک بار میں نے عصر حاضر کے بزعم خود ایک بڑے شاعر کو ان کے ڈرائینگ روم میں اپنی غیر واضح شباہت سمیت اپنے ایک جگہ سے دوسری جگہ تبادلے کے لیے درخواست اور اصرار کرتے دیکھا تھا۔وہ کاریگر ضمیر جعفری صاحب سے مطلوبہ سفارشی فون کروا کر ہی رخصت ہوا تھا۔ سید ضمیر جعفری اردو مزاح نگاری کے واقعتا سالار تھے، اسلام آباد میں ادب و صحافت اور تہذیب و ثقافت کے جبل جبار مرزا کے بقول سید ضمیر جعفری اردو مزاح نگاری کے کمانڈر ان چیف تھے ۔ان کے جانے کے بعد اردو مزاح نگاری میں کوئی کمانڈر تو سامنے نہ آ سکا البتہ خالی میدان کو لانس نائیک ، سپاہی ، اردلی اور چند ڈرائیور سطح کے لوگوں نے پر کرنے کی کوشش کی ، یہ جوکر نما مزاحیہ تک بندی سے اپنا سکہ جماتے اور چلاتے رہے۔وہ جو قادر الکلامی سید ضمیر جعفری کے ہاں نظر آتی ہے ،اس کے عوض بےترتیب مزاحیہ تک بند مشاعروں پر قابض اور ادبی اداروں پر متصرف ہو گئے۔یہ سارا کباڑ خانہ کہاں سے سامنے آگیا؟ سچ ہی ہے کہ اگر جنگل سے شیر کہیں اور چلا جائے ،تو لگڑبگر، گیدڑ، لومڑ،لدھڑ اور انواع و اقسام کے کتورے ادھر اودھر چلنے پھرنے اور بھونکنے ،ڈکرانے لگ جاتے ہیں۔شیر کی موجودگی میں یہ ایسے چھپے رہتے تھے ،جیسے جنگل کی آبادی کا حصہ ہی نہ ہوں۔سید ضمیر جعفری کے جاتے ہی بیشہ مزاح نگاری اور شگفتہ گوئی کا معیار ، مقدار اور چلن بالکل بدل گیا۔وہ چک عبدالخالق سے گوجرانولہ چھانی اور پھر وہاں سے سیدھے امریکہ چلے گئے۔اسلام آباد میں طوطے تو نہیں پائے جاتے ،لیکن اس شہر کی طوطا چشمی کمال کی ہے ۔ سید ضمیر جعفری سے ملاقات کے منتظر اور سفارشی ٹیلیفون کرانے پر مصر منظر سے ایسے غائب ہوئے کہ جیسے وہ تھے ہی نہیں ۔جب تک ان کے فرزند اعلی عسکری ذمہ داریوں پر فائز رہے، شہر کے ادبی اداروں میں گاہے ان کا ذکر ، ان کی یاد کا محل بنا لیا جاتا تھا۔ بعد میں یہ تکلف بھی جاتا رہا۔ سید ضمیر جعفری کی غزل گوئی پر وہ توجہ نہیں دی گئی ،جس کی وہ مستحق تھی۔شاید ان کی مزاحیہ شاعری سے پھوٹنے والے قہقہوں میں غزل کی آواز دب گئی ہو ،لیکن سید ضمیر جعفری کا یہ المیہ رہا کہ ان کے مداح اور قارئین مزاح کی تہہ میں چھپے الم کو دیکھنے پہچاننے سے بھی غافل رہے۔سید ضمیر جعفری سادات کے اسلوب حیات والے تحمل ، درگزر اور صبر کی دولت سے مالامال تھے۔گلہ نہیں کرتے تھے ۔بھلے بڑھاپے کے ریشمی غلاف میں چھپی آنکھ کا کونہ نم ہی کیوں نہ ہو جائے، آنسو تو ہنستے ہنستے بھی نکل آتے ہیں۔
کالم
سید ضمیر جعفری ،چند یادیں
- by web desk
- مئی 17, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 286 Views
- 9 مہینے ago

