کالم

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے انتھک کاوشیں

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنرفیصل آباد جناب راجہ جہانگیر انورنے سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی محکموں کے افسروں کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کی ٹیموں نے بریفنگ دی۔ انہوں نے سیلاب سے پیدا ہونے والی بیماریوں پر بروقت قابو پانے کیلئے محکمہ صحت کو عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی کیلئے فوری اور تیز رفتار اقدامات کا بھی کہا۔ تمام محکمے جذبے اور ٹیم ورک کے تحت کام کریں۔ ریونیو ٹیموں کو کھانے اور راشن کی فراہمی، محکمہ صحت کو فوگنگ سپرے ، لائیو اسٹاک کو جانوروں کی ویکسی نیشن اور محکمہ زراعت توسیع کو چارے اور ونڈہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔کمشنر فیصل آباد کی ہدایات پر ایف ڈ ی اے کا سٹاف سیلاب زدگان کے لئے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے اس سلسلے میں ڈویژن بھر میں سیلاب متاثرین کے لئے قائم مختلف ریلیف کیمپس میں ایف ڈی اے کے سٹاف کو متعین کیا ہے جو سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر مقامی محکموں کے ہمراہ بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ راجہ صاحب نے متاثرین سیلاب کے ساتھ وقت گزارا اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور تمام انتظامی مشینری بھرپور وسائل کے ساتھ پوری طرح متحرک ہے اور تباہ کن سیلاب کی اس صورت حال میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی امداد و بحالی کے لئے انسانی طور پر ممکن تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وطن عزیز میں اگرچہ دیانتدار ‘ فرض شناس اور مستعد افسر و اہل کار خال خال ہی نظر آتے ہیں لیکن وہ جہاں کہیں بھی ہیں ان کا وجود غنیمت ہے کیونکہ وہ قابل قدر قومی اثاثہ ہیں اور اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی سے ادا کرتے ہیں۔ ایسے افسران ریاستوں اور قوموں کی تعمیر میں گراں قدر خدمات انجام دیتے ہیں۔ایسے ہی ایک افسر سابق سیکرٹری اطلاعات و ثقاف راجہ جہانگیر انور ہیں جنہیں حال ہی میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔چند سال قبل جب وہ کمشنر بہاولپور تھے تو انہوں نے چولستان میں صاف پانی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس وقت کے وزیر اعلیٰ نے چولستان کے بے یارو مددگار انسانوں اور جانوروں کو پانی کی فراہمی کیلئے کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور صاحب کو کم از کم تین جامع منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جو بڑے فعال ، قابل اور نہایت دیانتدار افسر ہیں اوران کا شمار صوبے کے چند بہت ہی مستعد اور بہت اچھے افسروں میں ہوتا ہے۔راجہ جہانگیر انور کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے بحیثیت سیکرٹری اطلاعات، انتہائی محنت اور لگن سے پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی تیار کی۔ اس پالیسی کا مقصد صوبے بھر میں فن و ثقافت کی ترویج و ترقی کیلئے صوبائی حکومت کے متعلقہ اداروں کو مستحکم کرنا، ثقافتی سرگرمیوں، تعلیم اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے صوبہ میں رواداری اور امن کا فروغ، روایتی/ مقامی فنون و مہارات اور ثقافتی ورثے کی حفاظت ترجمانی اور ترویج، صوبہ بھر میں منعقدہ ثقافتی سرگرمیوں میں مختلف شعبہ جات سے متعلق افراد خصوصاً نوجوانوں کی شرکت یقینی بنانا، تخلیقی و ثقافتی صنعت کی ترقی کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنا ہے۔وہ خوش اخلاق’ خوش لباس’ فرض شناس اور دیانت دار افیسر ہیں۔راقم الحروف کا راجہ صاحب سے بہت دیرینہ تعلق رہا ہے۔بزم اقبال کے حوالے سے ان سے گاہے بگاہے ملاقات رہی۔ بزم اقبال کے معاملات میں انہوں نے ہمیشہ شفقت کا اظہار کیا اور مالی معاملات میں بھی ادارے کی بہت مدد کی۔ ان کی نرم لب ولہجہ، پرتاثیر گفتگو اور شیریں بیانی کا ہر شخص معترف ہے۔ بزم اقبال کے زیر اہتمام جشن خودی کی تقریب کے شاندار انعقاد کا سہرابھی ان کے سر جاتا ہے۔ اس سلسلے میں وہ دن رات کوشاں رہے اور تقریب کے شاندر انعقاد کیلئے ہر روز اجلاس میںمتعلقہ اداروں کوہدایات دیتے اوراپنی زیر نگرانی کام کرواتے۔ انہوں نے بزم اقبال لاہور کو اس سلسلے میں 10 لاکھ روپے کے فنڈز بھی دیئے۔ محترم راجہ صاحب کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں ہم سب سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ انسانی ہمدردی اور جذبہ خدمت کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے ہوئے امدادی و بحالی کی کوششوں میں جاندار کردار ادا کیاجائے۔ قدرتی آفات کے دوران احتماعی کوششوں سے ہی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اور سرکاری ادارہ کی حیثیت سے ایف ڈی اے بھی اپنے حصے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ بحیثیت کمشنر فیصل آباد وہ انتہائی ذمہ دار منتظم کے طورپر سامنے آئیں گے۔ اپنی خوش گفتاری اور شفیق طبیعت کے باعث اہل فیصل آبادکو بھی اپنا گرویدہ بنا لیں گے۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ راجہ جہانگیر انور کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کی ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔ آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے