اداریہ کالم

عارضی جنگ بندی ختم،اسرائیلی بربریت دوبارہ شروع

idaria

حماس اسرائیل جنگ بندی کے بعداسرائیل نے دوبارہ اپنی بربریت ،غنڈہ گردی اوربدمعاشی کا مظاہر ہ کرناشروع کردیا اور غزہ پر کئے جانے والے حملے میں اس نے ایک بار پھر 178بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کردیا۔جنگ بندی کامقصد تویہ تھاکہ بے گناہ فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے عالمی طاقتیں یاوہ قوتیںجو خطے میں امن کے قیام کی خواہاںتھیں اسرائیل سے اس کی غنڈہ گردی اوربدمعاشی پرجواب طلب کرتیں اور اسے مجرم گردانتے ہوئے اس سے بے گناہ مسلمانوں کے خون کاہرجانہ طلب کیاجاتا۔مگر ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جنگ بندی بھی اسرائیل کی ایماءپرکی گئی تاکہ وہ ایک بارپھرتازہ دم ہوکردوبارہ مسلمانوںکے قتل عام کاساماں کرسکے۔یہ بات تودنیاجان چکی ہے کہ جب تک اسرائیل کاہاتھ نہیں روکاجاتا اس وقت تک مزاحمت کادروازہ بندنہیں ہوگا۔اسلامی ایران کے بانی آیت اللہ خمینی نے ایک بارکہاتھا کہ دنیامیں تمام شیطانیوں اوربرائیوں کی جڑاسرائیل ہے اوراسے انہوں نے شیطان بزرگ کا نام دیاتھا۔ اگر دنیا کے طاقتورممالک مشرق وسطیٰ میں امن کے خواہاں ہیں توانہیں اسرائیل سے سختی سے بازپرس کرناہوگی۔یہ عجب طرفہ تماشہ ہے کہ ایٹمی طاقت کاحامل ایک ملک ایک تنظیم کے ساتھ ٹکرایا ہواہے اوراس کے خلاف نہ صرف زمینی فوج استعمال کررہاہے بلکہ اپنی فضائی افواج کااستعمال بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔یہاں ہم اسلامی ممالک کی جانب سے اختیار کی جانے والی خاموشی پربھی حیران ہیں کہ وہ تمام ترقوتیں رکھنے کے باوجوداسرائیل کے خلاف خاموش ہیں اوربے بسی کے ساتھ اپنے مسلمان بھائیوں کاخون ہوتادیکھ رہے ہیں۔جانے قیامت کے روز ان ممالک کے سربراہان اپنے نبی مکرمﷺ اوراپنے رب کاسامناکیسے کرپائیںگے۔غزہ سے آنے والی اطلاعات کے مطابقاسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جاری 7روزہ جنگ بندی بغیر کسی توسیع کے ختم ہوگئی ، اسرائیلی فوج نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر ایک بار پھر غزہ پر فوجی آپریشن کا آغاز کردیا اور غزہ پر وحشیانہ بمباری کرتے ہوئے 178افرادکو شہید کر دیا،اسرائیلی فوج کے مطابق 200اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملہ کیا ہے ، اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور اسرائیلی علاقے کی جانب فائر کیا۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیاروں نے نچلی پروازیں بھی کی ہیں اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے غزہ جنگ میں اپنے اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتامر بین گویر نے کہا کہ فوج کو اپنی پوری طاقت کے ساتھ غزہ واپس لوٹنا چاہیے۔انہوں نے پٹی میں واپس جانے اور بنا سمجھوتے، بنا معاہدے کے حماس کو تباہ کرنے کے ارادہ کا بھی اظہار کیا۔یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے ہوا تھا جس میں تین مرتبہ توسیع ہوئی اور جمعہ کی صبح جنگ بندی کا وقت ختم ہوگیا جس میں کوئی توسیع نہیں کی گئی۔ سربراہ اقوام متحدہ نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کے دوبارہ آغاز پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ قطر نے غزہ میں جنگ بندی کے فوری بعد اسرائیلی جارحیت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی معاہدے کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے مذاکرات جاری ہیں جبکہ قطر نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ اپنے ثالث کاروں کے ساتھ ایک بار پھر انسانیت کیلئے جنگ میں وقفے کے اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔ہ قطر اس تمام صورتحال میں ٹھہرا ﺅکیلئے کسی بھی عمل میں شامل ہونے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔قطری وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے کے پہلے ہی گھنٹے میں مسلسل بمباری جنگ بندی کی بحالی کے اقدامات کو پیچیدہ بنادے گی اور ساتھ ہی غزہ کی پٹی میں انسانی تباہی میں مزید اضافہ کرے گی لہٰذا اس تمام صورتحال میں عالمی برادری تشدد رکوانے کےلئے فوری کردار ادا کرے۔ ریاست قطر کسی بھی شکل میں عام شہریوں کی ہلاکتوں، مجموعی طور پر سزا اور لوگوں کو غزہ سے زبردستی بے دخل کرنے کی مذمت کرتی ہے۔قطر نے غزہ میں فوری طور پر سیز فائر اور انسانی امداد کی تیزی سے فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ادھر پاکستان نے غزہ میں ہسپتالوں ، مساجد اور رہائشی علاقوں پر حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر فوری فیصلہ کن اقدام کرے، فلسطین کی صورتحال پر تشویش ہے، فلسطینیوں کے ساتھ غیر امتیازی سلوک بند ہونا چاہیے، غزہ میں ظلم کی نئی داستان رقم کی گئی، پاکستان نہتے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، کشمیری عوام کے ساتھ ظلم وزیادتی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے دنیا میں فلسطین کے حق میں آواز اٹھائی ، فلسطین میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر فوری فیصلہ کن اقدام کرے۔
کوپ28کانفرنس،نگران وزیراعظم کی عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑجوان دنوں کوپ28کانفرنس میں شریک ہیں، ملکی معیشت کے استحکام کے لئے برطانوی بادشاہ چارلس سمیت متعددعالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں کرچکے ہیں اوران سے ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت دیگرعالمی امورپرگفت وشنیدبھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 28 ویں کانفرنس آف پارٹیز کے اعلیٰ سطح اجلاس کے موقع پر برطانوی بادشاہ چارلس سوئم سمیت دیگر عالمی رہنماﺅں سے غیر رسمی بات چیت کی۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے ابتدائی سیشن میں شریک ہوئے۔اس موقع انھوں نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک ، ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن اور دیگر عالمی رہنماﺅں سے غیر رسمی بات چیت بھی کی۔ انہوں نے کوپ28 کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم، مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے بھی ملاقات کی۔ اسی طرح وزیراعظم نے اس موقع پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈکی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی بات چیت کی۔
دودوچھہ ڈیم پرکام کاآغاز
وفاقی دارالحکومت میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے تیرہ برس قبل حکومت نے سہالہ کے قریب ایک نیاڈیم بنانے کافیصلہ کیاتھامگرنامعلوم وجوہات کی بناءپران تیرہ سالوں میں اس ڈیم پرتعمیرکاکام نہیں ہوسکا۔اب ایک بارپھرموجودہ نگران حکومت نے یہ ڈیم بنانے کافیصلہ کیاہے۔یہ فیصلہ خوش آئند ہے ۔اطلاعات کے مطابق 13سال سے تعطل کا شکار منصوبہ دودوچھہ ڈیم پر تعمیراتی کام کاباقاعدہ آغاز ہوگیا ، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو ایف ڈبلیو او کے حکام نے ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی اور اس پر ہونے والے کام کے بارے میں تفصیلی بریف کیا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ ہسپتالو ں کی اپ گریڈیشن کاکام ہر صورت جاری رہے گا، کسی کو اس کام میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے،ہم دھیمے لوگ ہیں، ہمیں دھیما ہی رہنے دیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات اگلی حکومت دیکھے گی۔ اس وقت راولپنڈی شہر کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے،گرمیوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے جہاں شارٹ فال 60 ایم جی ڈی تک پہنچ جاتا ہے پانی کی کمی کو پوارا کرنے کےلئے دودوچھہ ڈیم پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرایا ہے۔ 14ارب کی لاگت سے بننے والا یہ ڈیم اپنی تکمیل کے بعد راولپنڈی شہر کی پانی کی ڈیمانڈ کا ایک بڑا حصہ پورا کرے گا۔ اپنی تکمیل کے بعد یہ ڈیم راولپنڈی شہر کے لئے 35 ملین گیلن روزانہ پینے کا صاف پانی مہیا کرے گا۔ دودوچھہ ڈیم بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے لئے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri