پاکستان

قوم ’پراجیکٹ نواز شریف‘ کو مکمل طور پر مسترد کر چکی ہے: پی ٹی آئی

قوم ’پراجیکٹ نواز شریف‘ کو مکمل طور پر مسترد کر چکی ہے: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم پراجیکٹ نواز شریف کو مکمل طور پر مسترد کر چکی ہے، قوم 8 فروری کو ن لیگ کی سیاست کو بھی مسترد کرکے دفن کردے گی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شریف خاندان کی لوٹ مار کے قصے دہائیوں سے زبان زدِعام ہیں، خود کو مظلوم کہنے والا آج تک اپنے دفاع میں کوئی رسید پیش نہ کرسکا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ این آر او سے خود کو سرخرو کہنے والے نواز شریف ڈیل اور ضمانتوں کا مجموعہ ہیں، ریاستی پناہ میں عدالتوں سے خصوصی معافی دلوانا بھی انہیں معصوم ثابت نہیں کرسکا۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی معاشی کارکردگی کا اعتراف شہباز حکومت میں اقتصادی سروے میں کیا گیا جبکہ شہباز شریف کی 17 ماہ کی حکومت میں معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔خیال رہے کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کے دوران ن لیگ کے قائد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا تھا کہ جسٹس شوکت صدیقی کو جنرل فیض حمید نے کہا کہ نوازشریف جیل سے باہر آیا تو دو سال کی محنت ضائع ہوجائے گی، ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ میں کہا گیا انہیں اندر رکھنا ہے، عمران خان کو لانا ہے، چور چور کہنے والے خود سب سے بڑے چور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ والا کیس تاریخ کا سب سے بڑا کیس ہے، اس اسکینڈل کا سب سے بڑا ثبوت بند لفافےکی کابینہ سے منظوری ہے، اتنی بڑی ہیرا پھیری اور ڈاکہ مارا گیا، تم 60 ارب روپے کھا جاؤ گے تو مہنگائی کیسے رکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے