کسی بھی ملک کی ترقی وکامرانی وہاں کی مضبوط معیشت،امن وامان اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی بدولت ممکن ہوتی ہے۔وطن عزیزپاکستان کی تاریخ میں کئی کٹھن مرحلے آئے،پاکستان کے ازلی دُشمن بھارت نے کئی دفعہ سازشیں رچانے کی کوشش کی لیکن سرسبزہلالی پرچم کی چٹان صفت مسلح افواج اور عوام نے یکجاں ہوکردُشمن کوہمیشہ منہ توڑجواب دیا۔آج چندخارجی اوردُشمن کے آلہ کاروں کا بھی صفایاکیاجارہاہے۔پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں اور خارجیوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔اگربات کی جائے وطن عزیز کی دیگرسیکیورٹی فورسز کی تومحکمہ پولیس نے بھی دہشتگردی کی جنگ میں وطن عزیز کیلئے بہت قربانیاں دیں ۔محکمہ پولیس ودیگر سیکیورٹی اداروں کی وطن عزیز میں جرائم ،منشیات کی روک تھام کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔وزیر اعظم شہبازشریف کی داخلی ٹیم کے وفاقی وزیر برائے داخلہ سیدمحسن نقوی کی زیرصدارت پولیس،نادراسمیت دیگراداروں میں انقلابی اقدامات جاری ہیں ۔گزشتہ روزاسلام آباد میں سیف سٹی ،کیپٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں سٹیشن آن وہیلز منصوبے کا بھی افتتاح کردیاگیاہے۔افتتاح وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے کیااِس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ آئی جی پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے اس موقع پر وزیراعظم کو منصوبہ کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس سٹیشن آن وہیلز کا مقصد 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے علاوہ عوام کو ایف آئی آر اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی سرویلنس سسٹم کے تحت اسلام آباد میں کل 3257 کیمرے نصب ہیں، ان کیمروں کے ذریعے اسلام آباد میں مختلف تقریبات، محرم الحرام اور سیلاب جیسے خصوصی واقعات کی سکیورٹی کے لئے نگرانی کی جاتی ہے، ایک سال میں 1700 کیمرے ٹھیک کرائے ہیں، نئے پراجیکٹ کے تحت ہمارے کیمروں کی تعداد 3300 ہو گی جس سے 97 فیصد اسلام آباد کی کوریج ہو گی، مؤثر نگرانی کے لئے اے آئی اور فیشل ریکگنیشن جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے دورے میں پولیس آپریشن سینٹر، آن لائن ویمن پولیس سٹیشن، ٹیکسی ویری فیکیشن سسٹم اور ہنچ لیب کے مراکز کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکسی ویری فیکیشن سسٹم مسافروں اور ڈرائیوروں دونوں کے تحفظ کیلئے بنایا گیا ہے اور اسلام آباد میں چلنے والی تمام ٹیکسیوں اور ڈرائیوروں کا ریکارڈ محفوظ کیا گیا ہے، ایک کیو آر کوڈ نصب کیا گیا ہے، جب بھی کوئی مسافر کسی ٹیکسی میں بیٹھے گا توکیو آر کوڈ کو سکین کرے گا تو اس سے ٹیکسی اور ڈرائیور کی ویری فیکیشن ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے اہلکاروں سے گفتگو کی اور ان کی لگن اور جذبے کی تعریف کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ روزانہ 25 کے لگ بھگ کالز موصول ہوتی ہیں جن پر ضروری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے ہائی پروفائل مقدمات پر کام کرنے والے سیف سٹی کے باصلاحیت نوجوانوں میں ان کی خدمات کے پیش نظر لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ وزیراعظم نے سیف سٹی میں کام کرنے والے اہلکاروں سے گفتگو کی اور ان کی پذیرائی کی۔ دورے میں وزیراعظم کو سیف سٹی کی جانب سے پولیس سٹیشن آن وہیلز کا پہلا ڈرائیونگ لائسنس اعزازی طور پر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم کو پولیس سٹیشن آن وہیلز کے تحت درج کی گئی پہلی ایف آئی آر بھی دکھائی گئی۔مضبوط اور مستحکم پاکستان کے سفرمیں اِس وقت حکومت کی جانب سے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔معیشت کی مضبوطی کے بعداداروں کی مضبوطی اور عوام کومکمل ریلیف کے حوالے سے اقدامات تیزرفتاری کیساتھ جاری ہیں۔عوام اِس وقت نہ صرف حکومت پر بھرپوراعتماد کرتی ہے بلکہ حالیہ ڈیڑھ سالہ کامیابیوں پرمعترف بھی ہے اور اِس کی سب سے بڑی وجہ صرف اورصرف کام ہے گزشتہ حکومتوں کے ادوارکاجائزہ لیاجائے توسیاسی جلوس اور تقاریرزیادہ تھیں لیکن عملی میدان میں عوام کیلئے ریلیف بالکل نہ تھا۔آج جہاں وطن عزیزاپنی مضبوط معاشی،داخلی اور خارجہ پالیسی کی بدولت دُنیامیں ایک نئی طاقت کے طور پر اُبھررہاہے وہیں عوام کوبھی کامیابیوں کے ثمرات ملناشروع ہوچکے ہیں۔آج وقت کا تقاضا ہے کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کے سفرمیں تمام سیاسی جماعتیں حکومت کیساتھ مل کراس سفرکی مزیدمضبوطی اورصرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنے کوترجیح دیں۔اب دھرنوں،احتجاج اور افراتفری کازمانہ گزرچکا۔عوام جانتے ہیں اور بخوبی جانتے ہیں کہ کام اور باطونی کام میں کیافرق ہے ۔آج صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔