کالم

مضبوط معیشت بہتر مستقبل کی ضامن!

قارئین کرام!آج دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر کی ہے۔مہینوں کے فاصلے سمٹ کر گھنٹوں میں طے ہورہے ہیں۔اس وقت دنیا میں تجارتی کشمکمش ہے ہر کامیاب ملک کی کوشش ہے کہ اس کی معیشت مزید مضبوط ہو۔وطن عزیز پاکستان کی 75سالہ تاریخ میں کئی اتار چڑھاﺅ آئے۔دشمن نے بہت سازشیں رچانے کی کوشش کی دہشتگردوں کے ذریعے پاکستان کے دشمنوں نے ہمیشہ اس سبز ہلالی پرچم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی مگر اس دھرتی۔اس پاک وطن کی چٹان صفت مسلح افواج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا اس حوالے سے دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور محنت بھی کم نہیں ایف سی ہو یا پولیس رینجرز ہوں یا ٹریفک پولیس سبھی نے اس وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔اس وقت وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی جمہوری حکومت ہے اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے جس قلیل وقت میں ہچکولے کھاتے معیشت کو سنبھالا وہ قابل ستائش ہے۔
مسلم لیگ ن کی حکومت کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ نہ صرف ملکی تاجر برادری بلکہ بین الاقوامی بزنس کمیونٹی میاں برادران پر بہت اعتماد کرتی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں نہ صرف انویسٹمنٹ کی جاتی ہے بلکہ کاروبار کو بھی فروغ ملتا ہے۔اسی طرح بین الاقوامی قیادتیں اور دوست مسلم ممالک بھی میاں برادران کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔گزشتہ چند ماہ میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کے کامیاب بین الاقوامی دورے اور پھر دوست ممالک کے سربراہان کی پاکستان آمد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گزشتہ روز معیشت کے حوالے سے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اورخیبر پختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ملاقات میں منتخب نمائندوں نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کی بہتری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کے مسائل کے حوالے بھی سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے۔ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
خیبر پختونخوا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان اضلاع میں بہتر تعلیم کی فراہمی کے لئے دانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ضم شدہ اضلاع میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، بجلی کے شعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے نہ صرف زرعی شعبے کی ترقی ہوگی، کسان کو کم لاگت بجلی میسر ہوگی، زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا بلکہ درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی ، حال ہی میں غریب و متوسط طبقے کو بجلی کے بِلوں میں بڑا ریلیف فراہم کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب اپنے حلقوں میں محنت کریں،عوام کا ریلیف آپ کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔وزیراعظم نے نائب وزیراعظم کی زیر صدارت ایک کمیٹی قائم کر دی جو خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرے گی۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف پورے ملک کے کونے کونے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں اور ہر ایک علاقے کے مسائل سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔بہتر ہوتی معاشی صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔اب ضرورت ہے تو اتحاد کی یکجہتی کی ایک ہونے کی۔انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز پاکستان ایک خوشحال اور ایشیاءکا معاشی حب ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے