کالم

نوجوان پاکستان کاقیمتی اثاثہ!

کسی بھی قوم کااثاثہ اُس کے نوجوان ہوتے ہیں اورنوجوان ہی قوموں کی تقدیر بدلتے ہیں ۔اگرعالمی حالات کا بغورجائزہ لیاجائے تواِس وقت دُنیا میں بدلتے ہوئے عالمی حالات اور انقلاب میں نوجوانوں کاکلیدی کردار ہے ۔سعودی عرب کی ہی مثال لے لیں ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان ایک منجھے ہوئے نوجوان ہیں جو مستقبل کے حوالے سے بھرپور منصوبہ بندی اور ترقی کیلئے کرداراداکررہے ہیں ۔پاکستان کے عظیم دوست اور ہمسائیہ ملک چین میں بھی نوجوان ٹیکنالوجی میں انقلاب برپاکررہے ہیں ۔اگر وطن عزیز کی بات کی جائے توپاکستان میں اِس وقت کل آبادی میں سے64فیصد نوجوانوں پرمشتمل ہے اورحکومت پاکستان نوجوانوں کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی ٹیم کے ایک منجھے ہوئے کھلاڑی رانامشہودخان اِس وقت وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین ہیں۔اِسی طرح وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف بھی نوجوانوں کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہیں ۔دیکھاجائے توپاکستانی نوجوان بھی اقوام عالم کے جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ ہیں اگر بات کی جائے فری لانسنگ انڈسٹری کی توپاکستان چوتھابڑافری لانسررکھنے والا ملک ہے اور فری لانسرزکی اکثریتی تعدادنوجوانوں پر مشتمل ہے ۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی جانب سے شروع کئے گئے ”اُڑان پاکستان پروگرام “میں بھی نوجوانوں کیلئے بھرپور اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔پروگرام کے تحت نوجوانوں کوانفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں پاﺅں پرکھڑاکیاجارہاہے جوآگے بڑھ کر پاکستان کی ترقی کی باگ ڈور کومزید آگے لیکر جائیں گے ۔خصوصاًکری ایٹو انڈسٹریز جواس وقت دنیا کی 1.5ٹریلین ڈالرز کی انڈسٹری بن چکی ہے اور ہر ملک اس انڈسٹری کے ذریعے اپنے کلچر اور اپنے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو دنیا کے نقشے پر اجاگر کر رہا ہے میں پاکستان سالانہ دو لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سکلز کی تعلیم دیگا۔گزشتہ روز ہی پرائم منسٹرز ڈیجیٹل یوتھ ہَب کا اجراءبھی کردیاگیا ہے ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم محمد شہبازشریف تھے ۔تقریب میں فاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان ،امیر مقام، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ خواجہ فاطمہ بھی شریک تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے کہا کہ آج کا دن ایک منفرد خوشی کادن ہے۔ جس زمانے میں مصنوعی ذہانت کا کسی کو علم نہیں تھا اس زمانے میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لئے ترجیحی اقدامات کئے، پنجاب میں 2011 سے 2018 تک میرٹ کی بنیاد پر 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات میں مفت تقسیم کئے گئے۔ نوجوانو ں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور پیشہ وارانہ تربیت دی جائے تو یہ ملک کا عظیم سرمایہ بنیں گے۔ آ ج کی دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعما ل کی متقاضی ہے۔ پاکستان کے نوجوان ہمارے لئے ایک چیلنج کے ساتھ ساتھ ایک عظیم موقع بھی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی نعمتوں سے مالامال کر رکھا ہے۔ اگر مختلف ممالک کو قدرتی وسائل کی نعمت میسر ہے تو کروڑوں نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ اگر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کے کروڑوں نوجوانوں کو تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پرسرمایہ کاری کریں تو پاکستان چند سالوں میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک بن جائے گا۔ اس کےلئے ہمیں بہت محنت کرنا ہوگی۔ رانا مشہود احمدخان کو پروڈکٹو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیاگیا ہے تاکہ نوجوانوں کو زرعی اور صنعتی شعبوں ،آئی ٹی ہاﺅسز، یونیورسٹیوں اور ٹیکنیکل سنٹرز میں بہترین تربیت دلانے کے بعد ملازمت دلوائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے اخراجات کم کردیں گے لیکن پاکستان کے نوجوانوں کو بہترین تربیت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ہمارے ٹریننگ سنٹرز میں بہترین ٹرینر زآنے چاہئیں۔ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین ہنر سے بہرہ مند کریں گے۔ ہنر مند نوجوانوں کے ذریعے ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس پورٹل کے ذریعے صوبوں کے ساتھ مل کر وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ گزشتہ چند سالوں میںجہاں ایک جماعت نوجوانوں کی نمائندہ جماعت ہونے کا دعوہ کرتی ہے لیکن اِس نے نوجوانوں کوسوائے بدتمیزی،ہیجان،اورفتنہ کے علاوہ کچھ نہیں دیا ۔پاکستان کی تاریخ میں اِس قدربدتمیزی کا کلچرپروان نہیں چڑھاجوگزشتہ چند سالوں میں ایک جماعت کی جانب سے پروان چڑھایاگیا اِس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ نوجوانوں کیلئے انقلابی اقدامات کئے ۔سابق وزیر اعظم وصدرمسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کویہ اعزازحاصل ہے کہ انہوں نے اپنے دورحکومت میں نوجوانوں کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے اِسی طرح لیپ ٹاپ سکی،اپناروزگارسکیم جیسے میگا پراجیکٹس بھی مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں ہی شروع ہوئے ۔آج جس طرح اقوام عالم اپنے نوجوانوں کوجدیدعصری تعلیم سے ہمکنار کررہی ہیں پاکستان میں بھی نوجوانوں کیلئے نئے منصوبے اور جدید تعلیم وقت کی ضرورت بن چکی ہے ۔اُمید ہے پرائم منسٹرز ڈیجیٹل یوتھ ہَب پروگرام سے بھی نہ صرف نوجوانوں کوجدید تعلیم ملے گی بلکہ یہ نوجوان پاکستان کے مضبوط مستقبل کے ضامن بھی ثابت ہوں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے