کالم

نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ۔گیم چینجر منصوبہ!

گزشتہ ہفتہ وطن عزیز پاکستان میں ایس سی اوکانفرنس کاکامیاب انعقاد اور انتظامات قابل تحسین ثابت ہوئے جس کی عالمی برادری بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکی ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دُلہن کی طرح سجایاگیا جس پر وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف اور اُن کی پوری ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جن کی بدولت دِن رات محنت سے وطن عزیز کو یہ مقام حاصل ہوا۔ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان کے ہر دُکھ سکھ کے ساتھی اور عظیم دوست چین کے وزیر اعظم لی چیانگ کانفرنس سے قبل ہی پاکستان پہنچ گئے تھے ۔وزیر اعظم ہاﺅس پہنچے پر محترم مہمان کوسلامی پیش کی گئی اوروزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سے ملاقات کے موقع پر چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے بھرپور استقبال اور ایس سی او کے حوالے سے بہترین انتظامات پر وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔چینی وزیر اعظم کی پاکستان آمد کے موقع پر وزیراعظم ہاﺅس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کے حوالے سے ورچوئل تقریب کا انعقاد کیا گیااور دونوں وزرائے اعظم نے نیوگوادر ائیرپورٹ کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ گوادر نہ صرف علاقائی ترقی کا محور بلکہ پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، مشترکہ مستقبل اور ہمہ جہت ترقی کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم ہاﺅس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کی ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعت، زراعت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں، یہ دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ممالک کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے، چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر ان کا شکرگزار ہوں، ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ ہے، ہم نے ملاقات کے دوران مفید اور تعمیری بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، صدر شی جن پنگ، چینی عوام کا گوادر ایئرپورٹ کا تحفہ دینے پر شکرگزار ہوں، پاکستان کی معاشی ترقی کے ایجنڈے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر شکرگزار ہیں، گوادر ایئرپورٹ سے نہ صرف گوادر بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا، سی پیک کے تحت اس منصوبے کو مکمل کیا گیا، یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد بلکہ چین اور پاکستان کے عوام کی امن و سلامتی کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل کیلئے چینی و پاکستانی انجینئرز اور ورکرز کی انتھک کوششوں سے یہ عالمی معیار کا منصوبہ مکمل ہوا، چین کی جانب سے پاکستان کیلئے یہ یادگار تحفہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل پر چینی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، چینی اور پاکستانی ورکرز نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات کام کیا، ان کی کاوش قابل تحسین ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا عکاس ہے، چین پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی، مشترکہ مستقبل اور ترقیاتی اہداف کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔اس میںکوئی شک نہیں کہ سی پیک کے تمام ترمنصوبے انقلابی ہیں لیکن نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اورگوادر بندرگاہ ایشیاءکے بڑے منصوبوں میں شمار ہوتے ہیں ۔پاکستان میں جب بھی انقلابی اقدامات اور ترقی ہوئی اِس کا سہرا ہمیشہ میاں برداران کے سر جاتا ہے ۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے اتنے قلیل وقت میں اپنی کارکردگی کو عالمی سطح پر منوایا ہے جبکہ صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کا ہردور سُنہری اور ترقی سے عبارت ہے ۔آج سی پیک کے ثمرات سے وطن عزیز پاکستان میں جوترقی ہورہی ہے اِس کا سہرا بھی سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کے سرجاتا ہے ۔اگرصوبہ بلوچستان کی بات کی جائے توہمیشہ صوبہ میں اتنے ترقیاتی اقدامات نہیں ہوئے جتنے ہونے چاہیے تھے لیکن سی پیک منصوبے کا سنگ بنیاد ہی بلوچستان میں رکھ کر میاں محمد نوازشریف نے بلوچی بھائیوں کے دِل بھی جیت لیے۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا وژن اور ”شہبازسپیڈ“اقدامات بلاشبہ قابل تحسین ہیں لیکن میاں محمد نوازشریف نے جس ترقیاتی منصوبے کی بنیاد رکھی انقلابی بنیاد ثابت ہوا۔سی پیک منصوبے پر جس تیز رفتاری سے دوبارہ کام شرو ع ہوچکا ہے اِس حوالے سے وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور اِن کی پوری معاشی ٹیم کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں ۔نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل سے سی پیک منصوبے میں بھی انقلابی تیزی آئیگی ،میلوں کا سفر منٹوں میں طے ہوگا اور نیوگوادرانٹرنیشنل ائیرپورٹ اور گوادربندرگاہ کے ثمرات پورے پاکستان کو ملیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے