قارئین کرام!عیدالفطر سے قبل ہی وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمدشہبازشریف نے قوم کوبڑی خوشخبری کاعندیہ دیدیاتھا اور پھرگزشتہ روز ہی وزیراعظم محمدشہبازشریف نے گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کے لئے 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کرکے پوری قوم کے نہ صرف دل جیت لئے بلکہ یہ بھی بتادیاکہ کون حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے کام کررہاہے اورکس نے قوم کے قیمتی سال ضائع کئے اور سوائے باطونی حدتک ہی ترقی کے دعوے کئے۔عید کے موقع پربجلی کی قیمتوںمیںبڑی کمی نہ صرف حکومت کی جانب سے بڑا ریلیف ہے بلکہ وطن عزیزمیں معاشی ترقی کے حوالے سے بھی نیک شگون ہے۔ دیکھاجائے توسابق وزیراعظم وصدرمسلم لیگ ن میاں محمدنوازشریف نے بھی جب 2013ءمیںحکومت سنبھالی تھی توتب بھی وطن عزیز میںسب سے بڑامسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ،دہشتگردی،اورقرضوںکاایک بڑابوجھ شامل تھالیکن تب بھی انتہائی قلیل وقت میں تمام مسائل پرقابو پالیاگیاتھاجیسے آج وطن عزیزمیں ایک سال کے قلیل وقت میںبڑے بحرانوںپرقابوپایاجارہاہے۔گزشتہ روز بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمدشہبازشریف نے بڑی خوبصورت بات کی کہ معاشی میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ آگے بڑھارہے ہیں۔ اب منشور میں کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کاوقت آگیا ہے،یہ معاشی ترقی واستحکام کے نتیجے میں خوشخبری سنانے کا موقع ہے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مزیدکہا کہ انہیں اس حقیقت کا ادراک ہے کہ مہنگی بجلی سے عوام متاثر ہوئے،ملک کی خاطر عام آدمی کی قربانیوں کامکمل احساس رکھتے ہیں،مہنگی بجلی کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں،تما م شعبوں کی ترقی میں مہنگی بجلی ایک رکاوٹ ہے،ترقیاتی عمل آگے بڑھانے کیلئے بجلی قیمتوں میں کمی ناگزیرہے،بجلی کی قیمتوں میں کمی کےلئے ٹاسک فورس کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، عیدسے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے بجلی کے شعبے میں فائدہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ جون 2024ءسے لے کر آج تک اس میں 3.5 روپے کی کمی ہوئی، آج گھریلو صارفین کے لئے مزید 7.41 روپے فی یونٹ کمی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2024ءمیں صنعتوں کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 58.50 روپے تھی جس میں مشترکہ کاوشوں سے 10.30 روپے فی یونٹ کمی کی گئی جو 48.19 روپے فی یونٹ تک پہنچی۔ آج اس میں مزید 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ 2393 ارب روپے (2کھرب 393ارب روپے)ہے، اس گردشی قرضے کے مسئلہ کا مستقل حل تلاش کرلیا گیا ہے، آئندہ پانچ سالوں میں گردشی قرضہ بتدریج ختم ہو جائے گا لیکن اس کے لئے شرط یہ ہے کہ ہم خود کو تبدیل کریں۔ خود کو تبدیل کئے بغیر اس گردشی قرضے سے جان نہیں چھوٹے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری پاور پلانٹس (جنکوز) سالہا سال سے بند پڑے ہیں اور ایک کلو واٹ بجلی وہاں سے پیدا نہیں ہو رہی، لیکن سالانہ اربوں روپے کی تنخواہیں اور مراعات جاری ہیں جو بہت بڑا ظلم ہے۔اس کا بوجھ بھی عوام پر پڑتا ہے۔ یہ وہ کینسر ہے جسے جڑ سے کاٹنا ہوگا۔ اب ان جنکوز کی پہلی لاٹ کو شفاف طریقے سے فروخت کیا گیا ہے جس سے 9 ارب روپے وصول ہوں گے جبکہ بند پڑے زنگ آلود جینکوز پرسالانہ7ارب روپے کا خرچ ہو رہے تھے۔اس میںکوئی شک نہیںکہ جس تندہی اورقلیل مدت میںعوام کوریلیف دیاجارہاہے وُہ قابل تحسین ہے ۔ گزشتہ سال جب وزیراعظم محمدشہبازشریف نے منصب وزارت اعظمیٰ سنبھالاتھاتو قوم سے وعدہ کیا تھاکہ دِن رات ایک کرکے تمام مسائل پر قابوپائیں گے اور واقعی اِس وقت معاشی مثبت اعشاریوںکے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی بہت بڑی خوشخبری ہے خصوصاً آئی پی پیزکیساتھ معاملات طے کرنے کی بدولت آنے والے سالوں میں جو 3 ہزار 696 ارب روپے قوم کو اداکرنے تھے اب وہ بھی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی۔اِسی طرح حکومتی اقدامات کی بدولت مختلف آئی پی پیز جن کی مدت 3 سے 25 سال اور اوسط مد ت 15 سال تھی انہیں جو اضافی ادائیگیاں ان سالوں میں ہونا تھیں اس کی مدت میں بھی بچت ہو گی۔بڑے بحرانوںپرقابو کے بعد بدلتی مثبت معاشی صورتحال اِس بات کی گواہ ہے کہ یقینا حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ”اُڑان پاکستان“پروگرام“ کے تحت پاکستان اگلے پانچ سالوںمیں تمام تر مسائل سے نبردآزماہونے کے بعد ایک نئی معاشی قوت کے طورپر اُبھرے گا۔جہاںحکومت وطن عزیزکی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے وہیں پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج،سیکیورٹی ادارے وطن عزیز کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور کرداراداکررہے ہیں ۔بحثیت قوم آج ضرورت ہے تواتحادکی،یگانگت کی اوربحثیت قوم ایک ہونے کی۔اُمیدواثق ہے کہ آنیوالے دنوںمیںقوم کومزید خوشخبریاںسُننے کوملیں گی۔